کیوی اور مالٹا: وٹامن سی کے لیے کون سا بہتر ہے؟

نتیجہ موازنہ کے طریقے کے لحاظ سے مختلف ہو سکتا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

وٹامن سی ان بنیادی غذائی اجزاء میں سے ہے جسے انسانی جسم خود تیار نہیں کر سکتا۔ اسی لیے عمومی صحت برقرار رکھنے کے لیے خوراک کے ذریعے اس کا حصول روزانہ کی ضرورت بن جاتا ہے۔ اس وٹامن سے بھرپور پھلوں میں کیوی اور مالٹا عام انتخاب کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ لیکن ان میں سے کون زیادہ وٹامن سی فراہم کرتا ہے؟

ویب سائٹ ’’ ویری ویل ہیلتھ ‘‘ کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق اس کا جواب موازنہ کے طریقے پر منحصر ہے۔ آیا موازنہ فی پھل کے حساب سے کیا جا رہا ہے یا وزن کے لحاظ سے۔ غذائی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ فی 100 گرام وٹامن سی کی مقدار کے لحاظ سے کیوی مالٹے سے بہتر ہے۔ مالٹے میں فی 100 گرام تقریباً 59 ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے ۔ دوسری طرف سبز کیوی میں تقریباً 92.7 ملی گرام اور گولڈن کیوی میں یہ مقدار فی 100 گرام 161.3 ملی گرام تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کے برعکس ایک درمیانے سائز کے مالٹے میں تقریباً 70 ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے جو ایک کیوی میں موجود مقدار سے تھوڑا زیادہ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ موازنے میں پھل کا سائز بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

وٹامن سی کی ضرورت کیوں ؟

ہمیں وٹامن سی کی ضرورت کیوں ہے؟ وٹامن سی جسم میں اہم کردار ادا کرتا ہے جن میں قوتِ مدافعت بڑھانا، جلد، ہڈیوں اور جوڑوں کی صحت کے لیے ضروری کولاجن کی تیاری میں حصہ لینا، خوراک سے آئرن جذب کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا اور کولیسٹرول کی سطح کو صحت مند رکھنے میں مدد کرنا شامل ہے۔ بالغ مردوں کو روزانہ تقریباً 90 ملی گرام اور خواتین کو 75 ملی گرام وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے۔ حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور تمباکو نوشی کرنے والوں کو اس سے بھی زیادہ مقدار درکار ہوتی ہے۔

کیوی کے فوائد صرف وٹامن سی تک محدود نہیں ہیں بلکہ اس میں حل پذیر اور غیر حل پذیر فائبر بھی ہوتا ہے جو ہاضمے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کیلے کے قریب قریب پوٹاشیم، وٹامن ای اور فولک ایسڈ بھی پایا جاتا ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ باقاعدگی سے کیوی کھانا ہاضمے کو بہتر بنانے، آئرن جذب کرنے میں مدد دینے، ورزش کے بعد تھکن دور کرنے اور میلاٹونن کی موجودگی کی وجہ سے نیند کا معیار بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

دوسری طرف مالٹا اپنی دستیابی اور کھانے میں آسانی کی وجہ سے ممتاز ہے۔ یہ اہم غذائی فوائد فراہم کرتا ہے جن میں فائبر کی اچھی مقدار، دورانِ حمل جنین کی نشوونما کے لیے اہم فولک ایسڈ اور فلیوونائڈز اور کیروٹینائڈز جیسے اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہیں۔ اسی رپورٹ کے مطابق باقاعدگی سے مالٹے کھانے کا تعلق بلڈ پریشر اور سوزش کے خطرے میں کمی سے ہے۔ یہ بعض اقسام کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

خلاصہ یہ کہ اگر ترجیح وٹامن سی کا زیادہ سے زیادہ ارتکاز حاصل کرنا ہے تو کیوی، خاص طور پر گولڈن کیوی، سرفہرست ہے۔ لیکن اگر آپ ایک ایسا پھل چاہتے ہیں جو سائز میں بڑا ہو، آسانی سے ساتھ رکھا جا سکے اور وٹامن سی کی اچھی مقدار کے ساتھ دیگر فوائد بھی دے تو مالٹا ایک بہترین انتخاب ہے۔ بہرحال پھلوں میں تنوع ہی متوازن غذا اور بہتر صحت کا بہترین راستہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں