چغلی سمیت 8 برے رویّے، جنہیں چھوڑ دینا خود کو بہتر بنانے کی کنجی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

تبدیلی آسان کام نہیں، لیکن ناممکن بھی نہیں۔ ہر انسان کے اندر بہتری کی بے پناہ صلاحیت چھپی ہوئی ہے اور یہ سفر یک دم یا اچانک انقلاب سے مکمل نہیں ہوتا بلکہ روزانہ کے چھوٹے چھوٹے، شعوری اقدامات اور عادات کی تبدیلی سے طے ہوتا ہے۔ ویب سائٹ Global English Editing کے مطابق خود کو بہتر بنانا اپنی زندگی کو مکمل طور پر بدلنے کا مطلب نہیں، بلکہ اپنے رویّوں، سوچ اور عمل میں چھوٹی چھوٹی مثبت تبدیلیاں لانا ہے، جو وقت کے ساتھ جمع ہو کر انسان کو اس کا بہترین ورژن بناتی ہیں۔ یہی وہ عمل ہے جو ہمیں اندر سے مضبوط، پر اعتماد اور زندگی کے چیلنجز کے لیے تیار کرتا ہے اور اسی سے ہم اپنے خوابوں، اہداف اور شخصیت کے اعلیٰ معیار تک پہنچ سکتے ہیں۔ بعض اوقات معاملہ نئی عادتیں اپنانے کا نہیں ہوتا، بلکہ کچھ عادتوں کو چھوڑ دینے اور بعض حالات سے بچنے کا ہوتا ہے، جو خود کی بہتری کی ایک اہم علامت ہے۔

ذیل میں آٹھ ایسے رویّے/صورتِ حال بیان کیے جا رہے ہیں ،جن سے اجتناب اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ انسان مثبت تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔

1۔چغلی میں ملوث ہونا

چغلی ایسی پوشیدہ عادت ہے ،جس میں پڑنا آسان ہوتا ہے، مگر یہ نہایت تباہ کن ہوتی ہے۔ یہ عدمِ اعتماد کا ماحول پیدا کرتی ہے، منفی سوچ کو جنم دیتی ہے اور تعلقات کو کمزور کرتی ہے۔جب انسان خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے تو چغلی اس کے لیے بے کشش ہو جاتی ہے، بلکہ اسے یہ تھکا دینے والی اور بے فائدہ محسوس ہونے لگتی ہے۔

2- خود کی دیکھ بھال کو نظر انداز کرنا

خود کو بہتر بنانے کے سفر میں انسان سمجھتا ہے کہ اس کا جسم کوئی ایسی مشین نہیں جو بغیر رکے چلتی رہے، بلکہ اسے توجہ اور نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔اپنی دیکھ بھال عیش نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ اس کی شروعات روزمرہ معمول میں چھوٹی تبدیلیوں سے کی جا سکتی ہے، جیسے کھانے کے اوقات مقرر کرنا، غور و فکر کے لیے وقفہ لینا اور نیند کو ترجیح دینا۔ اپنے بہتر ترین روپ کی تلاش میں انسان محسوس کرتا ہے کہ خود کی دیکھ بھال اختیاری نہیں بلکہ بنیادی ضرورت ہے۔

3- ایسی تعلقات میں رہنا جو توانائی ختم کر دیں

جریدہ Psychology Today میں شائع رپورٹس کے مطابق انسان اپنے اردگرد کے لوگوں کے جذبات سے متاثر ہوتا ہے۔ اس لیے منفی لوگوں کی صحبت براہِ راست مزاج اور ذہنی کیفیت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔جب خود آگاہی بڑھتی ہے تو انسان ایسی زہریلی تعلقات سے دور ہونا شروع ہو جاتا ہے جو اس کی توانائی ختم کرتے ہیں، کیونکہ وہ اپنی قدر کو پہچاننے لگتا ہے اور اپنے اندرونی سکون کو اہمیت دیتا ہے۔

4- مصروف رہنا مگر نتیجہ خیز نہ ہونا

مصروفیت اور نتیجہ خیزی میں واضح فرق ہے۔ ہر وقت مصروف رہنا حقیقی کامیابی کی ضمانت نہیں۔ جیسے جیسے انسان ترقی کرتا ہے، وہ اپنی ترجیحات بہتر انداز میں طے کرتا ہے اور مؤثر کام اور محض مصروفیت میں فرق سمجھنے لگتا ہے، اور ان کاموں پر توجہ دیتا ہے جو اسے بڑے مقاصد تک لے جائیں۔


5- ناکامی کا خوف

ناکامی کا خوف انسان کو مفلوج کر سکتا ہے اور پیش رفت کو روک دیتا ہے۔ مگر مثبت تبدیلی اس وقت شروع ہوتی ہے جب انسان ناکامی کو انجام نہیں بلکہ سیکھنے کا موقع سمجھتا ہے۔ اس طرح ناکامی کامیابی کے راستے کی ایک سیڑھی بن جاتی ہے، رکاوٹ نہیں۔

6- بیرونی تعریف کی تلاش

اپنی قدر کا تعین دوسروں کی رائے پر کرنا خود اعتمادی کو کمزور کر سکتا ہے۔حقیقی نشوونما تب شروع ہوتی ہے، جب انسان سمجھتا ہے کہ اس کی اصل قدر اس کے اندر سے آتی ہے اور وہ دوسروں کی تعریف یا تنقید سے متعین نہیں ہوتی۔

7- ماضی میں الجھے رہنا

ماضی کی غلطیوں اور پچھتاووں میں مسلسل الجھے رہنا حال کی خوشی چھین لیتا ہے۔ جو گزر گیا اسے بدلا نہیں جا سکتا، مگر اس سے سیکھا ضرور جا سکتا ہے۔ بلوغت کے ساتھ انسان اپنی سابقہ تجربات کو بوجھ نہیں بلکہ ایسی سیکھ سمجھتا ہے جس نے اس کی شخصیت کو نکھارا۔

8- واضح حدود کا نہ ہونا

ذاتی حدود مقرر کرنا اور ان کا احترام کرنا خود کی دیکھ بھال کی اہم ترین علامت ہے۔ یہ انسان کے وقت، جذبات اور ضروریات کے احترام کو ظاہر کرتا ہے اور اسے ذہنی تھکن سے بچاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق صحت مند حدود مضبوط ذہنی صحت کی بنیاد بنتی ہیں اور اپنی بہترین شکل تک پہنچنے کے سفر میں ضروری قدم ہیں۔

اس طرح مثبت تبدیلی اچانک اور بنیادی تبدیلیوں سے نہیں آتی، بلکہ روزانہ کے شعوری اور مسلسل عمل کے ذریعے حاصل ہوتی ہے، جس میں منفی عادات کو ترک کرنا اور زیادہ متوازن اور بالغ رویّے اپنانا شامل ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں