موسمِ گرما کی شدید گرمی سے اپنے فون کو محفوظ رکھنے کے سات طریقے
ہر سال گرمی کے موسم میں لاکھوں اسمارٹ فون خاموشی سے متاثر ہوتے ہیں، کیونکہ دنیا کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت اچانک اور تیزی سے بڑھ جاتا ہے۔
ایسے میں ہماری روزمرہ زندگی کی بنیادی ضرورت بننے والے اسمارٹ فونز خرابی، حد سے زیادہ گرم ہونے، یا بغیر کسی پیشگی انتباہ کے اچانک بند ہونے کا شکار ہو جاتے ہیں۔
آپ نے شاید دیکھا ہو کہ فون کی بیٹری معمول سے کہیں زیادہ تیزی سے ختم ہونے لگتی ہے، اسکرین کا ردعمل سست ہو جاتا ہے یا بند ہو جاتا ہے اور بعض اوقات اس سے بھی بدتر صورت میں اسکرین پر یہ انتباہ ظاہر ہوتا ہے: ڈیوائس بہت زیادہ گرم ہے، ٹھنڈا کیا جا رہا ہے۔ لیکن اس وقت تک اکثر نقصان شروع ہو چکا ہوتا ہے۔
آج کے دور میں اسمارٹ فون صرف رابطے کا ذریعہ نہیں رہے، بلکہ یہ بٹوے، ورک اسٹیشن، فٹنس ٹریکر، مواد بنانے کے پلیٹ فارم اور ایمرجنسی ڈیوائسز بھی بن چکے ہیں۔
اپنی تمام طاقت کے باوجود یہ حیران کن طور پر گرمی کے سامنے حساس ہوتے ہیں، جیسا کہ Level UPمیگزین کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے، جس کا حوالہ ''العربيہ بزنس'' نے بھی دیا ہے۔زیادہ تر اسمارٹ فونز 0 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان محفوظ طریقے سے کام کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ جب یہ حد پار ہو جائے، خاص طور پر براہِ راست سورج کی روشنی میں، تو فون کا اندرونی درجہ حرارت تیزی سے بڑھنے لگتا ہے۔
فون کا حد سے زیادہ گرم ہونا صرف ایک معمولی تکلیف نہیں، بلکہ یہ خاموشی سے بیٹری کی عمر کم کرتا ہے، کارکردگی سست کرتا ہے اور بعض اوقات مستقل ہارڈویئر نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے۔اسی مسئلے سے بچاؤ کے لیے اسمارٹ فون کو محفوظ رکھنے کے 7 مؤثر طریقے درج ذیل ہیں۔
1- گاڑی میں فون چھوڑنے سے گریز کریں
کھڑی ہوئی گاڑی کے اندر درجہ حرارت چند ہی منٹوں میں 54 ڈگری سینٹی گریڈ (130 فارن ہائیٹ) سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔
اس صورتحال میں فون، خاص طور پر اگر ڈیش بورڈ پر رکھا ہو، اس حرارت کو تیزی سے جذب کرتا ہے۔ یہ عمل بیٹری اور اسکرین کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس لیے فون کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں، چاہے رکنا صرف چند منٹ کے لیے ہی کیوں نہ ہو۔
2- گرم علاقوں میں ایئرپلین موڈ استعمال کریں
کمزور نیٹ ورک سگنل والے علاقوں میں فون زیادہ محنت کرتا ہے تاکہ سگنل تلاش کرے اور کنکشن برقرار رکھے۔اس سے بیٹری زیادہ استعمال ہوتی ہے اور حرارت پیدا ہوتی ہے۔ اگر نیٹ ورک کی ضرورت نہ ہو یا سگنل کمزور ہو تو فون کو ایئرپلین موڈ پر رکھنا بہتر ہے تاکہ اس پر دباؤ کم ہو۔
3- گرم فون کو چارج کرنے سے گریز کریں
چارجنگ کے دوران ویسے ہی حرارت پیدا ہوتی ہے اور پہلے سے گرم فون کو چارج کرنا اس کے اندرونی حصوں پر اضافی دباؤ ڈال دیتا ہے۔
اگر فون گرم ہو تو اسے پہلے ٹھنڈا ہونے دیں، پھر چارج کریں۔ گرمیوں میں وائرلیس چارجنگ سے بھی بچیں کیونکہ یہ عام چارجنگ کے مقابلے میں زیادہ حرارت پیدا کرتی ہے۔
4- فون کو ڈیش بورڈ پر لگانے سے گریز کریں
کیا آپ دن کے وقت نیویگیشن کے لیے فون کو گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگا دیتے ہیں؟ یہ عادت فون کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھا دیتی ہے، کیونکہ براہِ راست سورج کی روشنی، مسلسل GPS استعمال اور موبائل ڈیٹا اس مسئلے کو مزید بڑھاتے ہیں۔بہتر ہے کہ صرف وائس نیویگیشن استعمال کریں، اسکرین کی روشنی کم رکھیں، اور اگر ممکن ہو تو فون کو گاڑی کے ایئر کنڈیشن کے قریب کسی جگہ رکھیں۔
5- باہر نکلتے وقت بیٹری سیونگ موڈ آن کریں
بیٹری سیور موڈجو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے، فون کے اندرونی پراسیسنگ کو کم کرتا ہے، بیک گراؤنڈ ایپس بند کرتا ہے اور اسکرین کی روشنی گھٹا دیتا ہے۔یہ سب چیزیں فون کے اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ شدید گرمی میں باہر نکلتے وقت اسے ڈیفالٹ سیٹنگ بنانا بہتر ہے۔
6- فون کو براہِ راست دھوپ سے دور رکھیں
فون کا شیشے اور ایلومینیم کا جسم سورج کی گرمی کو بہت جلد جذب کر لیتا ہے۔ اسے ہمیشہ سایہ میں رکھیں، بیگ کے اندر، تولیے کے نیچے یا پانی کی بوتل کے قریب کسی ٹھنڈی جگہ پر رکھیں۔فون کو میز، کرسی یا پتھروں پر براہِ راست دھوپ میں نہ چھوڑیں۔ سیاہ رنگ کے کور بھی گرمی کو زیادہ جذب کرتے ہیں، اس لیے ان سے بھی احتیاط بہتر ہے۔
7- باہر نکلنے سے پہلے بیک گراؤنڈ ایپس بند کریں
پس منظر میں چلنے والی ایپس جیسے ای میل، سوشل میڈیا اور خودکار ہم آہنگی (sync) مسلسل توانائی استعمال کرتی رہتی ہیں اور فون کے اندر ہلکی مگر مستقل گرمی پیدا کرتی ہیں۔گھر یا ایئرکنڈیشنڈ جگہ چھوڑنے سے پہلے غیر ضروری تمام ایپس بند کرنے کی عادت بنائیں۔ ہر چھوٹی سی بچت فون کے اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔