فضائی سفر جلد کو نقصان پہنچا سکتا ہے، مگر چند آسان اقدامات اس سے بچا سکتے ہیں
ہوائی جہاز میں سفر نہ صرف جسم بلکہ جلد کے لیے بھی تھکا دینے والا ثابت ہو سکتا ہے۔ تقریباً 30 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچنے کے بعد جلد کو مختلف ماحولیاتی حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں سب سے اہم طیارے کے کیبن میں نمی کی انتہائی کم سطح ہے، جو جلد کو خشک اور بے رونق بنا سکتی ہے۔
اگرچہ دورانِ سفر جلد کی دیکھ بھال سے متعلق مختلف مشورے عام ہیں، تاہم ماہرینِ امراضِ جلد کے مطابق اصل مسئلہ یہ ہے کہ پرواز کے دوران جلد کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور کن آسان اقدامات سے اس کی نمی اور تازگی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے پی اے میڈیا (PA Media) کے مطابق ہوائی سفر کے دوران جلد کا خشک ہونا ایک عام مسئلہ ہے، جس کی بنیادی وجہ طیارے کے اندر نمی کی کم شرح ہے۔
لندن کے ایک جلد کی نگہداشت کے مرکز سے وابستہ ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر آزادہ مانیش کے مطابق عام حالات میں فضا میں نمی کا تناسب 40 سے 60 فیصد ہوتا ہے، جبکہ ہوائی جہاز کے کیبن میں یہ کم ہو کر صرف 10 سے 20 فیصد رہ جاتا ہے۔ نمی کی یہ انتہائی کم سطح جلد سے پانی کے اخراج میں اضافہ کر دیتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے نتیجے میں جلد میں کھنچاؤ اور خشکی محسوس ہو سکتی ہے، جبکہ اس کی قدرتی چمک بھی ماند پڑ جاتی ہے اور جلد کم تروتازہ دکھائی دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ طویل دورانیے کی پروازوں میں مختصر پروازوں کے مقابلے میں زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔ برطانیہ میں اسکن ہیلتھ الائنس کے ترجمان اور ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر برنارڈ ہو کا کہنا ہے کہ طویل فضائی سفر کے دوران جلد کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
طیارے میں سوار ہونے سے پہلے کیا کریں؟
ماہرین کے مطابق جلد کی دیکھ بھال کا آغاز صرف طیارے میں بیٹھنے کے بعد نہیں ہوتا، بلکہ سفر سے پہلے ہی اس کی تیاری ضروری ہے۔
ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر برنارڈ ہو کا کہنا ہے کہ اگر سفر سے پہلے جلد کو صحت مند اور مناسب نمی فراہم کی جائے تو دورانِ پرواز اور اس کے بعد بھی اس کی حالت بہتر رہتی ہے۔وہ مشورہ دیتے ہیں کہ سفر سے قبل جلد کی دیکھ بھال کے معمول میں موئسچرائزر (مرطوب رکھنے والی مصنوعات) کا استعمال بڑھایا جائے، جبکہ ایسی مصنوعات سے گریز کیا جائے جن میں طاقتور فعال اجزا موجود ہوں، کیونکہ یہ جلد کی خشکی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر برنارڈ ہو کے مطابق دورانِ سفر جلد بظاہر چکنی محسوس ہو سکتی ہے، لیکن اصل مسئلہ چکنائی نہیں بلکہ جلد کی نمی میں کمی ہوتی ہے، اس لیے توجہ جلد کو نم رکھنے پر دینی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ سفر سے پہلے الفا ہائیڈروکسی ایسڈز (AHA)، بیٹا ہائیڈروکسی ایسڈز (BHA) اور ریٹینول جیسے اجزا پر مشتمل مصنوعات استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔
بعض ماہرین کی سفارش ہے کہ پرواز سے 24 سے 48 گھنٹے پہلے ان مصنوعات کا استعمال بند کر دیا جائے تاکہ جلد کو غیر ضروری خشکی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
دورانِ پرواز جلد کی دیکھ بھال کا بہترین طریقہ کیا ہے؟
اگرچہ سوشل میڈیا پر جلد کی دیکھ بھال کے پیچیدہ معمولات (روٹین) مقبول ہیں، لیکن ماہرینِ امراضِ جلد کے مطابق ہوائی سفر کے دوران سادہ روٹین ہی بہترین انتخاب ہے۔
ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر برنارڈ ہو کا کہنا ہے کہ دورانِ پرواز چہرہ صاف کرنے کے لیے میسلر واٹر (Micellar Water) استعمال کرنا اور اس کے بعد ایک سادہ موئسچرائزر لگانا کافی ہوتا ہے، جبکہ غیر ضروری طور پر متعدد مصنوعات استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
اسی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے ڈاکٹر آزادہ مانیش نے خبردار کیا کہ جلد پر ضرورت سے زیادہ مصنوعات استعمال کرنے سے ''جلد پر اضافی دباؤ'' پڑ سکتا ہے، جس سے وہ زیادہ حساس ہو جاتی ہے، خاص طور پر جب ان مصنوعات میں تیز اثر رکھنے والے اجزا جیسے مختلف تیزاب (Acids) یا ریٹینول شامل ہوں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ دورانِ پرواز ایک سادہ روٹین اپنایا جائے، جس میں ہائیڈریٹنگ سیرم، موئسچرائزر اور دن کی پروازوں میں سن اسکرین شامل ہو۔ اگر سفر طویل ہو تو سن اسکرین ہر چار سے پانچ گھنٹے بعد دوبارہ لگانی چاہیے۔
ڈاکٹر برنارڈ ہو کے مطابق اگرچہ بعض افراد پرواز کے دوران سن اسکرین استعمال نہیں کرتے، لیکن جہاز سے اترنے کے بعد بالائے بنفشی (UV) شعاعوں کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے، خاص طور پر اگر منزل دھوپ والا علاقہ ہو۔ اس لیے طیارے سے باہر نکلنے سے پہلے سن اسکرین لگا لینا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
پانی اور غذا بھی جلد کی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں
ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی سفر کے دوران مناسب مقدار میں پانی پینا ضروری ہے، جبکہ الکحل اور زیادہ نمک والی ہلکی غذاؤں سے پرہیز کرنا چاہیے، کیونکہ یہ جسم اور جلد میں پانی کی کمی پیدا کر کے خشکی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔
ڈاکٹر آزادہ مانیش نے بتایا کہ بعض خواتین دورانِ سفر میک اپ کرنا پسند کرتی ہیں۔ ان کے مطابق ہلکا پھلکا میک اپ کرنا مناسب ہو سکتا ہے، تاہم ضرورت سے زیادہ میک اپ استعمال کرنے سے جلد کے مسام بند ہو سکتے ہیں، جس سے جلد کے دیگر مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
سفر کے دوران جلد کے لیے کون سے اجزا مفید ہیں؟
ماہرین کے مطابق فضائی سفر کے دوران جلد کی حفاظت کے لیے نمی برقرار رکھنا سب سے اہم عنصر ہے، اس لیے ایسی مصنوعات کا انتخاب کرنا چاہیے جن میں ایسے اجزا شامل ہوں جو جلد میں پانی برقرار رکھنے میں مدد دیں۔
ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر برنارڈ ہو کا کہنا ہے کہ گلیسرین اور ہائیلورونک ایسڈ جلد کو نمی فراہم کرنے والے بنیادی اور مؤثر اجزا ہیں، جو جلد کو خشک ہونے سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پینتھینول (Panthenol) بھی جلد کو مرطوب رکھنے کے لیے مفید جز ہے، جبکہ ایکٹوئن (Ectoin) حالیہ برسوں میں خاص توجہ حاصل کر رہا ہے، کیونکہ یہ جلد کی قدرتی حفاظتی تہہ کو مضبوط بنانے اور سوزش کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر برنارڈ ہو کے مطابق سیرامائڈز (Ceramides) بھی ایسے اہم اجزا میں شامل ہیں جن پر آج کل کافی توجہ دی جا رہی ہے، کیونکہ یہ جلد کی حفاظتی رکاوٹ کو مضبوط بنانے اور اس کا قدرتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔