واٹس ایپ: فون نمبر کے بجائے یوزرنیم متعارف، صارفین کے لیے کیا تبدیل ہوگا؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنا نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے جس کے تحت صارفین مستقبل میں اپنا موبائل فون نمبر ظاہر کیے بغیر بھی ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے کمپنی یوزرنیم کا نظام متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جسے صارفین اپنی شناخت کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔

اس نئے فیچر کے تحت ہر صارف اپنے اکاؤنٹ کے لیے ایک منفرد یوزرنیم منتخب کرے گا۔ اگر کوئی شخص اس یوزرنیم کے ذریعے رابطہ کرے تو اسے صارف کا فون نمبر دیکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے نجی معلومات کے تحفظ میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ کمپنی کا دعوٰی ہے کہ یہ فیچر فراڈ اور سکیمنگ سے بھی محفوظ رکھے گا کیونکہ مخصوص یوزر نیم کے بغیر کوئی آپ سے رابطہ نہیں کر پائے گا۔

رواں ہفتے سے صارفین ایپ کے ذریعے اپنا یوزرنیم محفوظ کر سکیں گے، تاہم ایسا کرنا لازمی نہیں ہوگا۔

صارفین کسی بھی وقت اپنا یوزرنیم تبدیل یا حذف کر سکیں گے۔

یوزرنیم منتخب کرنے کے لیے آپ کے پاس واٹس ایپ کا جدید ورژن ہونا لازمی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر آئندہ کچھ ماہ تک ہر کسی کے لیے مکمل فعال ہوجائے گا۔

مزید پرائیویسی کے لیے ناپسندیدہ پیغامات کو بلاک یا رپورٹ کرنے کے اختیارات موجود رہیں گے۔

یوزرنیم زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگا اور اہم سرکاری اور مشہور شخصیات کے نام کسی اور کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ یوزرنیم منتخب کرتے وقت اس کی دستیابی بھی جانچے گی تاکہ ہر صارف کو منفرد شناخت مل سکے۔ اگر منتخب کیا گیا یوزرنیم پہلے سے موجود ہوگا تو صارف کو دوسرا نام منتخب کرنا ہوگا۔

یہ فیچر خاص طور پر ان افراد کے لیے اہم ہو سکتا ہے جو واٹس ایپ کمیونٹیز، کاروباری مقاصد یا آن لائن لین دین کے دوران ایسے لوگوں سے رابطے میں رہتے ہیں جن کے ساتھ وہ اپنا ذاتی موبائل نمبر شیئر نہیں کرنا چاہتے۔

اسے مرحلہ وار صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

اس سے قبل ٹیلی گرام اور سگنل بھی یہ فیچر استعمال کر رہی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے فیچر کے باوجود واٹس ایپ کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن اور دیگر حفاظتی اقدامات برقرار رہیں گے، تاکہ صارفین کی گفتگو پہلے کی طرح محفوظ رہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں