حجاج کی خدمت سعودی عرب کے لیے اعزاز ہے : وزیر توانائی کی العربیہ سے گفتگو
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا ہے کہ وہ حاجی ہونے کی حیثیت سے مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔ یہ بات انہوں نے العربیہ کو دیے گئے بیان کی ابتدا میں کہی۔ سعودی وزیر مشاعر مقدسہ میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کی عمارت کا دورہ کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے حج کے سلسلے میں آپریشنز روم بھی دیکھا۔
شہزادہ عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ "آج میں نے مشاعر مقدسہ میں بجلی کے نظام کے حوالے سے کوششوں کی آگاہی حاصل کی۔ ساتھ ہی رواں سال حج کے سیزن میں ایگزیکٹو پلان کا جائزہ لیا۔ بجلی کے نظام سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے حجاج کے خیموں کے بیچ زمینی طور پر موجود ہونا ضروری ہے۔ اس طرح بجلی کا نیٹ ورک بہتر صورت میں کام کرے گا"۔
سعودی وزیر نے باور کرایا کہ "حجاج کرام کی خدمت کے لیے تمام اداروں کی مربوطیت کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ آئندہ برس حج میں حجاج کرام کی تعداد پرانے معمول پر آ جائے"۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کے مطابق سعودی عرب کو مقامات مقدسہ میں حجاج کرام اور معتمرین کی خدمت کا شرف حاصل ہوا ہے۔ لہذا ہم پر لازم ہے کہ وہ سب کچھ کریں جو ہمارے بس میں ہے۔ ہمیں تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے اس اعزاز کا تحفظ کرنا ہو گا۔