اردن کے وزیر اوقاف واسلامی امور ڈاکٹر محمد الخلایلہ نے مملکت سعودیہ کی طرف سے حجاج کرام کے لیے فراہم کردہ جدید اور بہترین ٹرانسپورٹ خدمات کی تحسین کرتے ہوئے کہا ہے ’’کہ یہ مملکت سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ کے میداان میں قابل ذکر ترقی و خدمات کا مظہر ہے۔‘‘
وہ یہ بات حرمین شریفین کے درمیان سہولیات فراہم کرنے والے تیز رفتار ریلوے نطام کو دیکھنے کے بعد کہہ رہے تھے۔ واضح رہے ریلوے کا یہ منصوبہ ان بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے جو حجاج کرام کو دونوں مقدس مساجد کے درمیان سفر کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ عمرہ کی ادائی کرنے والے خواتین وحضرات بھی اسی سے استفادہ کریں گے۔
سعودی پریس ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کی خبر میں اردنی وزیر اوقاف کے حوالے سے بتایا گیا ہے ’’کہ ڈاکٹر محمد الخلایلہ نے مدینہ سے مکہ کے لیے ''حرمین ہائی سپیڈ ریلوے'' پر روانہ ہونے سے پہلے کہا ''اردن کے عازمین اس بہترین ٹرانسپورٹ کے نظام سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وہ بڑے آرام دہ انداز میں اور تیز رفتاری کے ساتھ حرمین کے درمیان سفر کر سکیں گے۔ ''
وزیر اوقاف نے مزید کہا ''حجاج کرام چاہیں تو یہ آرام دہ سفر ٹرین سے کریں اور چاہیں تو بسوں پر کریں اور اگر بذریعہ جہاز یہ سب سہولتیں ان کے لیے موجود ہوں گی۔'' حجاج کرام کے لیے مملکت سعودیہ میں کی گئی ان ساری جدید ترین اور بہترین کاوشوں کے سلسلے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن اور ضیوف الرحمنٰ کے لیے خدمات کو سراہا۔