سعودی عرب کی وزارت صحت نے واضح کیا کہ اس سال حج سیزن 1445 ہجری میں صحت اور ابتدائی طبی امداد کے مردو خواتین رضاکاروں کی تعداد تقریباً 5,466 ہے جن میں 3,000 ہیلتھ ورکرز اور 2,466 سعودی ریڈ کریسنٹ اتھارٹی کے رضا کار شامل ہیں۔ 150 سے زیادہ چینلز کے ذریعے حجاج کو صحت، ابتدائی طبی امداد اور آگاہی کی خدمات فراہم کریں گے۔ مجموعی طور پر تمام طبی کارکن 72 ہزارگھنٹے سے زیادہ وقت میں خدمات انجام دیں گے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ اس سال رضاکارانہ مواقع میں 16 سے زیادہ مقامات پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ان میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور تمام مقدس مقامات، مسجد حرام سے متصل وزارت دفاع کے موسمیات مرکز اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر حجاج کرام کے لاؤنج میں عازمین کی طبی دیکھ بھال کا ہنگامی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
مسجد حرام میں صحن مطاف رضاکارانہ مواقع میں حاجیوں کو صحت اور علاج معالجے کی فراہمی، ہنگامی حالات سے فوری طور پر نمٹنے میں مدد، عرفات میں صحت کے مراکز میں علاج کے رضاکارانہ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عازمین کے درمیان مناسک کی ادائی سے قبل صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔