سرشتہ جنرل پاسپورٹس کے توسط سے سامنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حج کے جاری سیزن 1446 ہجری میں اب تک 890,883 حجاج کرام سعودی عرب کی ہوائی، زمینی اور بحری سرحدی راہداریوں سے مملکت میں داخل ہو چکے ہیں۔
ان ضیوف الرحمن کے لیے متعدد سہولتی پروگرامز اور اعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ ان کے سفر، آمد و رفت اور مناسک کی ادائی کو ہر ممکن حد تک آسان، آرام دہ اور مؤثر بنایا جا سکے۔
پاسپورٹ حکام نے واضح کیا کہ مملکت سے باہر سے آئے ہوئے اللہ کے مہمانوں کی تعداد ہوائی راستوں کے ذریعے 846,415 حجاج، زمینی راستوں کے ذریعے 41,646 حجاج، اور بحری راستوں کے ذریعے 2,822 حجاج تک پہنچ گئی ہے، یہ اعداد و شمار جمعہ کے روز 25/11/1446 ہجری تک کے ہیں۔
دفترِ جنرل پاسپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ضیوفِ الرحمن کے داخلے کے عمل کو آسان، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ اس مقصد کے تحت سعودی عرب کے بین الاقوامی ہوائی، زمینی اور بحری داخلی راستوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ آلات نصب کیے گئے ہیں، جن پر مختلف زبانوں میں مہارت رکھنے والا تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے، تاکہ حجاج کرام کو ہر مرحلے پر بہترین خدمت اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
حج 1446ھ