سعودی وزارت صحت کی جانب سے عازمین حج کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ مناسک حج ادا کرتے ہوئے بالخصوص مقامات مقدسہ میں ہمیشہ دھوپ سے بچاؤ کی چھتریاں استعمال کریں تاکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔ اس سال حج سیزن میں مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت میں اضافے کی توقع ہے، اس لیے یہ احتیاطی تدبیر خاص طور پر ضروری ہے۔
وزارت صحت نے اپنے پیغامات کے ذریعے عازمین پر زور دیا ہے کہ دھوپ والی چھتریاں ان کے لیے بہت اہم ہیں تاکہ وہ دھوپ کے سبب لگنے والی حرارتی ضرب سے محفوظ رہ سکیں۔ سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے درجہ حرارت میں اضافے کا انتباہ جاری کیا ہے، جو گرمی کی شدت اور لو لگنے کا باعث بن سکتا ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب درجہ حرارت عروج پر ہو۔ اس لیے سورج کی تیز شعاعوں سے بچنے کے لیے چھتریوں کا استعمال نا گزیر ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے عازمین حج کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ حرارتی ضرب سے بچاؤ کے لیے دیگر حفاظتی اقدامات پر بھی عمل کریں، مثلا شدید دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں، چھتوں پر چڑھنے یا ان کو چھونے سے پرہیز کریں، دن بھر مناسب مقدار میں پانی پئیں چاہے پیاس محسوس نہ ہو، اور زیادہ تھکاوٹ سے بچنے کے لیے وقفے لے کر آرام کریں۔ وزارت صحت نے خاص طور پر اس بات کی نشان دہی کی ہے کہ عرفات کے مقام پر حجاج کو بڑھتی ہوئی حرارت اور سرگرمی کی وجہ سے حرارتی دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے ان کے لیے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔