شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کی منیٰ سے واپسی کے آغاز کی تیاریاں
حج کا آخری مرحلہ مکمل ہونے کے ساتھ ہی مشاعر مقدسہ کی عارضی خیمہ بستی وادی منیٰ آئندہ برس تک کے لیے خالی ہو جائے گی
حجاج کرام آج بروز اتوار آٹھ جون 12 ذی الحجہ کو ایام تشریق کے دوسرے دن تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے [رمی جمرات] کے بعد وادی منیٰ سے رخصت ہو جائیں گے۔
بہت کم تعداد میں رہ جانے والے حجاج پیر نو جون 13 ذی الحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے اور تیسرے دن کی کنکریاں مارنے کے بعد روانہ ہوں گے۔
اس سال کا حج 1446 ہجری بمطابق 2025 کا آخری مرحلہ مکمل ہونے کے ساتھ ہی مشاعر مقدسہ کی عارضی خیمہ بستی وادی منیٰ آئندہ برس تک کے لیے خالی ہو جائے گی۔
ایام تشریق کی دوسری جبکہ حج کی تیسری رمی کے بعد حجاج کرام غروب آفتاب سے قبل وادی منیٰ کی حدود سے نکل کر مکہ مکرمہ پہنچ جائیں گے جہاں سے انکی اپنے اپنے ملکوں کو روانگی کے پروگرام پرعمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
وہ حجاج جو 12 ذی الحجہ کو غروب آفتاب تک منیٰ سے نہیں نکلیں گے انکے لیے 13 ذی الحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کرنا ضروری ہوگا اور ایام تشریق کی تیسری رمی مکمل کرنے کے بعد منیٰ کی حدود سے نکلیں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے تیسرے دن کی رمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی ٹیموں کو بھی جمرات پل کے مختلف مقامات پرتعینات کیا گیا ہے جبکہ رضاکار اور دیگر اداروں کی ٹیمیں بھی حجاج کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔
جمرات کو جانے اور وہاں سے رمی کے بعد واپس آنے والے راستوں کی نشاندہی کرنے کے لیے اہلکاروں کو قطاروں میں تعینات کیا ہے تاکہ پل پر حجاج کا ازدحام نہ ہو اور وہ آرام سے تیسرے دن کی رمی مکمل کریں۔