.

برازیل خوراک نما پیکنگ میں ہمبرگر کی فروخت کی مقبولیت میں اضافہ

ماحول دوست ایجاد سے ری سائیکلنگ کا خرچ کم ہو گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
برازیل کے ایک ریستوران میں ہمبرگر لپیٹنے کے لئے ایسا کاغذ استعمال کیا جا رہا ہے کہ جسے برگر کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔ یہ منفرد ایجاد ماحول دوستی اور ری سائیکلنگ کے خرچے سے بچنے کے لئے متعارف کرائی گئی ہے۔

پیکنگ کے لئے استعمال کیا جانے والا کاغذ سفید رنگ کا ہے اور اس کا اپنا کوئی ذائقہ نہیں۔ نظام انہضام پر اس کے مضر اثرات بھی نہیں ہوتے۔ ریستوران کے مطابق اس منفرد ایجاد کو صارفین نے بہت زیادہ پسند کیا ہے۔ اس کے ذریعے لوگوں کے من پسند برگر کا کوئی بھی حصہ کوڑے کی ٹوکری میں نہیں جاتا بلکہ صارف سارے کا سارا برگر انجوائے کرتا ہے۔

بوب نامی ریستوران نے متعلقہ اداروں سے منفرد ایجاد پیش کرنے کی اجازت چاہی، ابتدائی طور پر فاسٹ فوڈ کے لئے ریستوران جانے والے صارفین خوراک نما پیکنگ کو برگر کے ساتھ کھانے میں پس و پیش سے کام لیتے رہے ہیں تاہم جلد ہی وہ اس ماحول دوست اقدام کو اپنی خوراک کا حصہ بنانے پر تیار ہو گئے۔

خوراک نما پیکنگ میٹریل میں ہمبرگر انجوائے کرنے والے صارفین کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر دو ہفتوں سے دیکھی جا رہی ہے۔