ایران نے شام میں ہر منتخب صدر کی حمایت کا اعلان کر دیا
روحانی نے پہلی بار ایران کے عمومی موقف سے ہٹ کر بات کی
بشار الاسد کے اتحادی ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام میں جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والے ہر حکمران کو تسلیم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا '' اہل شام جس کسی کو بھی ووٹ کے ذریعے حق حکمرانی دیں گے ہم ان سے اتفاق کریں گے۔''
ایرانی صدر کا یہ تازہ بیان ایرانی لیڈروں کے عمومی موقف سے قدرے ہٹ کر ہے۔ نیز ان کا یہ بیان ایسے ماحول میں آیا ہے جب یہ ثابت ہو گیا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال ہوا ہے۔ ایران کا موقف رہا ہے کہ مغربی ممالک بشارالاسد کے خلاف اپوزیشن کی مدد کرتے ہیں۔
واضح رہے شام کی حکومت 2014 میں صدارتی انتخاب کا ارادہ رکھتی ہے، لیکن اپوزیشن خانہ جنگی کے ماحول میں صدارتی انتخاب کا انعقاد ممکن نہیں دیکھتی ہے۔ اپوزیشن کے تمام گروپ بشارالاسد کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کے حق میں نہیں ہیں۔