.

سوڈان: فوج مخالف بیانات پر سابق وزیراعظم سے تحقیقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق المہدی سے پراسیکیوٹرز نے شورش زدہ مغربی علاقے دارفور میں سکیورٹی فورسز پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عورتوں کی عصمت ریزی کے الزامات عاید کرنے پر پوچھ گچھ کی ہے۔

سوڈان کی انٹیلی جنس اور سکیورٹی سروس (این آئی ایس ایس) نے امہ پارٹی کے سربراہ صادق المہدی کے خلاف ایک فوجداری درخواست دائر کررکھی ہے اور ان کے خلاف یہ قانونی چارہ جوئی ان کے سریع الحرکت امدادی فورس کے بارے میں الزامی بیانات کے ردعمل میں کی جارہی ہے۔

صادق المہدی جمعرات کو اپنے متعدد وکلاء اور قریباً ایک سو حامیوں کے ہمراہ دارالحکومت خرطوم میں پراسیکیوٹرز کے روبرو پیش ہوئے تھے اور ان سے چالیس منٹ تک پوچھ تاچھ کی جاتی رہی ہے۔لیکن پر مزید تحقیقات تک کوئی فرد الزام نہیں لگائی گئی ہے۔

سوڈانی اخبارات کی رپورٹ کے مطابق این آئی ایس ایس کو سریع الحرکت فورس پر اختیار حاصل ہے۔اس نے سابق وزیراعظم پر الزام عاید کیا ہے کہ انھوں نے اس فورس کے خلاف بیان بازی کرکے اس کا تشخص داغدار کیا ہے، ریاست کا وقار داؤ پر لگایا ہے ، امن عامہ کو نقصان پہنچانے اور عالمی برادری کو سوڈان کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کی ہے۔

ان کے خلاف یہ درخواست ایسے وقت میں دائر کی گئی ہے جب ان کی جماعت سمیت حزب اختلاف صدر عمرالبشیر کے ساتھ ''قومی مذاکرات'' کے عمل میں شریک ہے۔حزب اختلاف کے ایک سینیر سیاست دان کا کہنا ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں قومی اتحاد کی ایک نئی حکومت بن سکتی ہے کیونکہ صدر بشیر ایک حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں،انھیں اس بات کا ادراک ہوچکا ہے کہ ملک تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے۔اس سیاست دان کے بہ قول سکیورٹی سروس اس مذاکراتی عمل کی مزاحمت کررہی ہے۔

سریع الحرکت فورس کے کمانڈروں نے بدھ کو دارالحکومت خرطوم میں ایک نیوزکانفرنس میں ان الزامات کی تردید کی تھی کہ ان کی فورس نے دارفور میں لوٹ مار کی تھی،خواتین کی عصمت ریزی یا دوسرے جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔اس یونٹ کے فیلڈ کمانڈر محمد حمدان دالجو کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات جھوٹ کا پلندا ہیں۔

واضح رہے کہ عمر حسن البشیر 1989ء میں وزیراعظم صادق المہدی کی حکومت کا تختہ الٹ کر برسراقتدار آئے تھے۔سوڈانی صدر اور وزیردفاع عبدالرحیم محمد حسین ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت کو دارفور میں جنگی جرائم اور انسانیت مخالف جرائم کے الزامات میں مطلوب ہیں۔