الباجی قائد السبسی تیونس کے نَئے صدر منتخب
موجودہ صدر منصف مرزوقی نے اپنی شکست تسلیم کرلی
تیونس کی سیکولر جماعت ندا تیونس کے سربراہ محمد الباجی قائد السبسی موجودہ صدر منصف مرزوقی کو شکست دے کر ملک کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ڈاکٹر منصف مرزوقی نے صدارتی انتخاب میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔
تیونس میں اتوار کو منعقدہ صدارتی انتخابات کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق بزرگ سیاست دان الباجی قائد السبسی نے 55.68 فی صد حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل منصف مرزوقی نے 44.32 فی صد ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔
تیونس میں نئے صدر کے انتخاب کے ساتھ ہی جنوری سنہ 2011ء میں سابق مطلق العنان صدر زین العابدین بن علی کی اقتدار سے رخصتی کے بعد جمہوریت کی بحالی کے سفر بھی مکمل ہوگیا ہے۔الباجی قائد السبسی کی جماعت ندا تیونس نے اکتوبر میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کی تھی۔
صدارتی انتخاب کے لیے اتوار کو پولنگ ہوئی تھی۔ووٹنگ کا عمل مجموعی طور پر پُرامن انداز میں مکمل ہوا تھا اور تشدد کے صرف اکا دُکا واقعات ہی پیش آئے ہیں۔صدارتی انتخاب کو مبصرین نے آزادانہ اور شفاف قرار دیا ہے اور ووٹ ڈالنے کی شرح 60 فی صد رہی ہے۔
ابتدائی نتائج سامنے آنے کے بعد صدر منصف مرزوقی نے نومنتخب صدر الباجی قائد السبسی کو مبارک باد دی ہے اور اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔ان کی صدارتی مہم کے مینجر عدنان منصر نے اپنے فیس بُک صفحے پر لکھا ہے کہ ''ڈاکٹر منصف مرزوقی نے جناب الباجی قائد السبسی کو صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے''۔مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے بھی تیونس کے نومنتخب صدر کو ان کی جیت پر مبارک باد دی ہے۔
قبل ازیں الباجی قائد السبسی کی صدارتی مہم کے لیے ٹیم نے پولنگ کے اختتام کے چند گھنٹے کے بعد ہی یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھاری اکثریت سے جیت گئے ہیں لیکن ان کے مدمقابل صدر منصف مرزوقی کی ٹیم نے ان کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے کر تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔واضح رہے کہ تیونس کے الیکشن کمیشن نے ابھی صدارتی انتخاب کے ابتدائی نتائج کا اعلان نہیں کیا ہے۔
صدارتی انتخاب کے لیے 23 نومبر کو منعقدہ پہلے مرحلے کی پولنگ میں منصف مرزوقی اور ان کے مدمقابل اٹھاسی سالہ بزرگ سیاست دان الباجی قائد السبسی میں سے کوئی بھی جیت کے لیے درکار پچاس فی صد سے زیادہ ووٹ حاصل نہیں کرسکا تھا۔السبسی 39.46 فی صد ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے تھے اور منصف مرزوقی نے 33.43 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔
-
تیونس کے 'لینڈ مارک' صدارتی انتخابات کے لئے ووٹںگ مکمل
نتائج کا اعلان پیر سے بدھ تک متوقع، السبسی فیورٹ قرار
بين الاقوامى -
تیونس، لیبیا سرحد پر بڑی گذرگاہ بند
تیونس کا لیبیا کے متحارب جنگجو گروپوں کے درمیان لڑائِی کے بعد اقدام
بين الاقوامى -
تیونس:21 دسمبر کو حتمی صدارتی انتخاب
الباجی قائد السبسی اور موجودہ صدر منصف مرزوقی میں مقابلہ ہوگا
بين الاقوامى -
تیونس: سابق وزیر قومی اسمبلی کے صدر منتخب
تیونس کی 2011ء کے انقلاب کے بعد معرض وجود میں آنے والی پہلی قومی اسمبلی نے سیکولر ...
بين الاقوامى -
تیونس: صدارتی انتخاب کے لیے دوبارہ پولنگ ہوگی
الباجی قائد السبسی پہلے اور صدر منصف مرزوقی دوسرے نمبر پر رہے
بين الاقوامى -
ندا تیونس کی پارلیمانی انتخابات میں برتری
النہضہ 69 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی
بين الاقوامى