.

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم کے وارنٹ جاری

خالدہ ضیا پر کرپشن کے زیرسماعت مقدمات میں عدم پیشی کا الزام تھا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بنگلہ دیش میں عدالت نے سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے گرفتاری وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔ ان پر الزام تھا کہ وہ اپنے خلاف بدعنوانی کے دو مقدمات میں مسلسل پیش ہونے سے گریز کرتی چلی آ رہی ہیں۔

بدھ کے روز ڈھاکا کی ایک عدالت میں دوران سماعت وکیل صفائی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیاء بیمار ہیں اور انہیں ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے انہیں سیکورٹی خدشات لاحق ہیں۔

تاہم، جج ابو احمد جمادر نے وکیل صفائی کی ضمانت کیلئے درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ جاری کر دیے۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سابق وزیر اعظم کو فوراً حراست میں لیا جائے گا یا نہیں؟

خالدہ ضیاء پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر اور سابق صدر ضیاءالرحمن کے نام پر ایک خیراتی ادارے کیلئے غیر قانونی فنڈ سے زمین خریدی۔

خالدہ ضیاء کے وکیل ان پر خیراتی ادارے کیلئے غیر قانونی طریقے سے 10لاکھ ڈالرز عطیہ جمع کرنے کے الزامات بھی مسترد کرتے ہیں۔

خالدہ کا کہنا ہے کہ ان پر مقدمات کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں تاہم سرکاری حکام اس کی نفی کرتے ہیں۔