لیبیا میں چار اطالوی تعمیراتی ورکر اغوا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

لیبیا کے مغربی شہر ملیطہ میں اٹلی کی توانائی کمپنی اینی کے ملکیتی ایک صنعتی کمپلیکس کے نزدیک سے چار اطالوی تعمیراتی ورکروں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

اٹلی کی وزارت خارجہ نے سوموار کو اطلاع دی ہے کہ اغوا ہونے والے چاروں افراد تعمیراتی کمپنی بوناٹی کے ملازمین ہیں۔انھیں اتوار کی شب اغوا کیا گیا تھا اور اٹلی میں ان کے خاندانوں کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔

اطالوی وزیرخارجہ پاؤلو جینٹیلونی نے برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹیلی جنس اہلکار اغوا کے اس واقعے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی وضاحت کردی ہے کہ اس نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں 15 فروری کو اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا اور اطالوی شہریوں پر زوردیا تھا کہ وہ خطرات کے پیش نظر اس ملک سے نکل جائیں۔واضح رہے کہ بہت سے اطالوی شہری لیبیا میں تیل ،گیس اور تعمیرات کے شعبوں میں کام کررہے ہیں۔

لیبیا میں اس وقت طوائف الملوکی کا دور دورہ ہے اور ملک میں دو متوازی حکومتیں اور پارلیمان کام کررہی ہیں۔اس صورت حال سے مسلح جنگجو گروپ بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں اور انھوں نے اپنے اپنے زیر قبضہ علاقوں میں اپنی عمل داری قائم کررکھی ہے۔

یہ مسلح جنگجو گروپ تاوان یا اپنے مطالبات منوانے کے لیے غیر ملکیوں کو اغوا کرتے رہتے ہیں۔گذشتہ ماہ مسلح افراد نے طرابلس سے دس تیونسی سفارت کاروں کو اغوا کر لیا تھا اور انھیں اپنے مطالبات تسلیم ہونے کے بعد رہا کیا تھا۔اس سال جنوری میں اغوا کیے گئے ایک اطالوی ڈاکٹر کو بھی گذشتہ ماہ رہا کردیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں