یمن: الضالع گورنری سے حوثی باغیوں کا صفایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یمن میں میدان جنگ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حکومت نواز ملیشیا اور فوج نے الضالع گورنری سے حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا کے جنجگوئوں کا صفایا کرتے ہوئے گورنری کے تمام علاقوں پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

العربیہ ٹی وی کے نامہ نگاروں نے مزاحمتی کارکنوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز الضالع گورنری کے کئی علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے باغیوں کو وہاں سے نکال باہر کیا گیا ہے۔ مزاحمتی فورسز نے الضالع میں سناح، ملٰٹری ہیڈ کواٹرز اور مریس میں الصدرین ملٹری کیمپ پر قبضہ کرلیا ہے۔

اس کے علاوہ الضالع میں قعطبہ کے مقام پر حوثیوں اور حکومت نواز فورسز کے درمیان طویل جھڑپوں کے بعد حوثیوں کو وہاں سے نکال دیا گیا ہے۔

ادھر ابین گورنری میں حوثی باغیوں اور حکومت نواز مزاحمتی ملیشیا کے درمیان گھمسان کی لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ مزاحمتی فورسز نے اس گورنری میں بھی کئی اہم مقامات پر پیش رفت کرتے ہوئے حوثی شدت پسندوں کو پسپا کر دیا ہے۔ مزاحمتی فورسز نے وادی دوفس پر اپنا قبضہ مضبوط بنانے کے لیے اس کے آس پاس کے علاقوں میں پیش رفت شروع کی ہے۔ اس کے علاوہ مزاحمتی فورسز زنجبار شہر کا کنٹرول حاصل کرتے ہوئے جعار کے مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ باغیوں کو مسلسل پسپائی کا سامنا ہے اور حکومت نواز فورسز ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے فاتحانہ پیش قدمی کر رہی ہیں۔

تعز گورنری کے جبل صبر، الضباب اور اس کے مضافات میں باغیوں اور آئینی حکومت کی بحالی میں سرگرم قوتوں کے درمیان لڑائی میں حوثیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ حوثیوں کی اندھا دھند گولہ باری سے شہر میں کئی عام شہری بھی مارے گئے ہیں۔

اب گورنری کے العدین ڈائریکٹوریٹ میں مزاحمتی ملیشیا نے حوثیوں کی گشتی پارٹی پر حملہ کر کے متعدد باغیوں کو ہلاک اور ان کی گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ مہلوکین میں دو سرکردہ حوثی کمانڈر ابو عقیل السالمی اور ابو مجاھد شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں