حوثیوں کی بارودی سرنگوں سے یمن بارود کا ڈھیربن گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یمن میں ایران نواز حوثی شیعہ باغیوں نے ملک کے کئی اہم شہروں میں بھاری تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا کر ملک کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حکومت فورسز نے بتایا ہے کہ انہوں نے لحج گورنری کے الشریجہ اور کرش ہروں میں حوثیوں کی بچھائی گئی پانچ ہزار بارودی سرنگوں کا صفایا کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق باغیوں نے رواں سال مارچ کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں بارودی سرنگیں بچھانے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اب تک ایک لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی جا چکی ہیں جوعام شہریوں کے لیے ٹائم بم کی حیثیت رکھتی ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں یمن کے بارودی سرنگوں کے انسداد کے قومی ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ باغیوں نے عدن میں اور لحج گورنریوں میں حکومتی فورسز کی پیش قدمی روکنے اور ان کے ٹینکوں کو تباہ کرنے کے لیے 10 ہزار ٹینک شکن بارودی سرنگیں نصب کی ہیں۔ ان بارودی سرنگوں کے دھماکوں کے نتیجے میں 1150 عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم"ہیومن رائٹس واچ" نے ستمبر میں اپنی ایک رپورٹ میں حوثیوں کو سول آبادی والے مقامات پر بارودی سرنگیں نصب کرنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ حوثی باغی مخالفین کی پیش قدمی روکنے کے لیے ساحلی شہروں سے نکلتے ہوئے وہاں بھاری تعداد میں بارودی سرنگیں بچھاتے جا رہے ہیں۔

یمنی فوج اور حکومت ملیشیا کے انجینیر کور نے حال ہی میں ایک بیان میں بتایا تھا کہ حوثیوں نے مآرب شہر سے مشرقی صنعاء تک ہزاروں کی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں۔ ماہرین نے ہزاروں بارودی سرنگوں کو تلاش کرنے کے بعد انہیں ناکارہ بنایا ہے مگر اب بھی دسیوں مقامات ایسے ہیں جہاں بڑٰی تعداد میں بارودی سرنگیں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق یمن میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ایرانی ساختہ ہیں۔ ان میں بعض حجم میں چھوٹی اور زیادہ تر بڑی ہیں۔ حوثی باغی جس علاقے سے پسپائی اختیار کرتے ہیں وہاں سے جاتے ہوئے بارودی سرنگوں کا جال بچھا جاتے ہیں تاکہ ان کے تعاقب میں آنے والی حکومتی فورسز کی پیش قدمی کو روکا جا سکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں