سوڈانی صدر کی اماراتی حکام سے ملاقاتیں
دونوں رہ نمائوں میں اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت
سوڈان کے صدر محمد عمر البشیر متحدہ عرب امارات کے سرکارے دورے پر ابو ظہبی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اماراتی قیادت سے ملاقات کی ہے۔ ابوظہبی میں عمر البشیر اور امارات کے ولی عہد و مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زاید آل نھیان سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوڈانی صدر عمرالبشیر ہفتے کو ایک حکومتی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی پہنچے تھے جہاں 'یو اے ای' کی قیادت نے ان کا استقبال کیا۔
بعد ازاں صدر عمر البشیر اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان سے طویل ملاقات ہوئی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کے دوران دو طرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت دیگر اہم موضوعات پربھی بات چیت کی گئی۔
سوڈانی صدر اور اماراتی ولی عہد کے درمیان گفتگو میں علاقائی تنازعات بھی بحث آئے۔ دونوں رہ نمائوں نے خطے میں امن استحکام کے لیے مل کر آگے بڑھنے اور باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں فروغ دینے سے اتفاق کیا۔
ملاقات میں یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں جاری آپریشن 'فیصلہ کن طوفان' اور 'بحالی امید' کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سوڈانی صدر نے کہا کہ ان کا ملک یمن میں جلد از جلد قیام امن کا خواہاں ہے اورخرطوم، یمن کی آئینی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔
اس موقع پر اماراتی ولی عہد نے سوڈان کی جانب سے یمن میں امن استحکام کے لیے اپنے فوجی ستے مہیا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خرطوم کی یمن کے حوالے سے مساعی کی تحسین کی۔ الشیخ زاید کا کہنا تھا کہ سوڈان کی یمن میں باغیوں کےخلاف جاری آپریشن میں شراکت سے باغیوں کو شکست دینے میں مدد ملی ہے۔
سوڈانی صدر عمر البشیر نے متحدہ عرب امارات کی خلیج اور دوسرے عرب ممالک کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ عرب خطے میں امن وامان، معاشی خوش حالی اور استحکام میں امارات کا کلیدی کردار ہے۔
سوڈانی صدر کی اماراتی ولی عہد سے ملاقات کے موقع پر سوڈان کے وزیر خارجہ ابراہیم الغندور، وزیر خزانہ بدرالدین محمود عباس، وزیر برائے بجلی و انسانی وسائل متعز موسیٰ عبداللہ، وزیر مملکت برائے ریاستی امور فضل عبداللہ فضل، صدر کے پرنسپل سیکرٹری جنرل طہ الحسین اور متحدہ عرب امارات میں سوڈان کے سفیر محمد امین عبداللہ الکارب بھی موجود تھے۔