امریکی کانگریس کے احاطے میں فائرنگ، مشتبہ شخص گرفتار
#امریکا کے دارالحکومت #واشنگٹن ڈی سی میں سوموار کے روز #کانگریس کی عمارت کے سامنے سیاحوں کے لیے مختص احاطے میں ایک شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو زخمی حالت حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے وہاں پر موجود عملے کے تمام افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی حملہ آور کو گھیرے میں لے کراسے پکڑ لیا گیا تھا۔
کیپٹیل ہل پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس کی عمارت کے باہر فائرنگ میں ملوث شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ گرفتاری ایک پولیس چیک پوسٹ پر اس وقت کی گئی جب ملزم نے پولیس اہلکاروں پر پستول تان لی تھی۔ اس پر دونوں طرف سے فارئرنگ شروع ہوئی۔ پولیس کی فائرنگ سے مشتبہ شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس چیف ماتھیو ڈیروسا نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ معمول کی کارروائی کے دوران اچانک ایک شخص چیک پوسٹ پر نمودار ہوا اور اس نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ وہ مسلح ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ پولیس کی جانب بڑھا اور پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہوا ہے۔
مسٹر ڈیروسا کا کہنا ہے کہ ملزم کی سرجری مکمل کرلی گئی ہے اوراب اس کی حالت بہتر ہے۔ اس کے پاس موجود اسلحہ بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ایوان نمائندگان اور سینٹ کے تمام دفاتر بند کردئے گئے تھے اور وہاں کام کرنے والے عملے کے تمام افراد کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ فائرنگ کے بعد وائیٹ ہاؤس کے ملازمین کو بھی باہر نہ نکلنے کا حکم دیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔