کروز کی ٹرمپ کے مقابل شکست ، بیگم مُکّا اور کہنی کھا بیٹھی !
امریکی صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں شامل ریپبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز ریاست انڈیانا میں اپنی پارٹی کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کھا گئے، جس کے بعد انہوں نے وہائٹ ہاؤس جانے والے راستے سے دست بردار ہونے کا اعلان کر دیا۔
دوسری جانب 2001 میں کروز کی زندگی میں بطور شریک حیات شامل ہونے والی اور ان کے دو بچوں کی ماں ہائڈی سوزان نیلسن کو اپنے شوہر نامدار کی انتخابی مہم کا اختتام کبھی نہیں بھولے گا۔ ایک طرف ہائیڈی کو شوہر کی ہزیمت کا غم کھائے جا رہا تھا تو دوسری طرف ان کے شوہر نے آخری عوامی ظہور میں بیگم کے چہرے کو (حادثاتی طور پر) مکے اور کہنی سے نواز دیا۔ یہ حرکت ہزاروں لوگوں کے سامنے سرزد ہوئی جب کہ ٹی وی اسکرین پر لاکھوں افراد نے اس منظر کو اپنی آنکھوں میں محفوظ کیا۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر اس منظر کا کلپ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا جس میں یوٹیوب سرفہرست ہے۔
یہ اتفاقی واقعہ چند سیکنڈوں پر مشتمل تھا، تاہم اس کی خبر نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا۔
وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیڈ کروز ڈائس پر مختصر تقریر کے بعد اپنے والد سے گلے ملنے کے لیے پیچھے مڑے تو اچانک کروز کی ہتھیلی اپنی اہلیہ کے چہرے پر لگی اس کے بعد وہ والد کے گلے لگے تو اس دوران فوراً ہی ان کی کہنی لاشعوری طور پر ان کی بیگم کے چہرے سے ٹکرا گئی۔ تاہم ہائڈی نے غم سے چُور اپنے شوہر کی اس غلطی کو برداشت کر لیا۔
اس کے چند ہی منٹوں بعد مختصر کلپ واقعے کی روداد سنانے امریکی ذرائع ابلاغ اور دور دراز براعظموں میں میڈیا کی گود میں جاپہنچے۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر اور کلپ سوشل میڈیا پر بھی پھیل گئے جہاں لوگ ٹیڈ کروز کی شکست اور ان کی دست برداری کی خبر سے زیادہ ان کی بیگم کو پڑنے والے ہاتھ کو اہمیت دے رہے ہیں۔