کویت : یمن امن مذاکرات میں اہم پیش رفت کا دعویٰ
کویت میں جاری یمن امن مذاکرات میں تنازعے کے پائیدار حل کے لیے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔یمنی حکومت کے ایک ذریعے نے اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات کے بعد بتایا ہے کہ انھوں نے فوجی اور سکیورٹی انتظامات اور دارالحکومت صنعا کو محفوظ بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس بے نامی ذریعے نے العربیہ کو بتایا ہے کہ فوجی انخلاء کے بعد حکومت کی تشکیل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔یمنی حکومت کے وفد اور اقوام متحدہ کےایلچی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے اعلان کردہ آئینی اعلامیوں کے خاتمے،اس کے انتظامی مضمرات اور ریاستی اداروں کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
انھوں نے اقوام متحدہ کے ایلچی کے پیش کردہ منصوبے کے تحت حوثیوں کے شہروں سے انخلاء کے بعد حکومت کو کام سے روکنے والی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی بات چیت کی ہے۔
اس منصوبے کے تحت حوثیوں کا سب سے پہلے دارالحکومت صنعا اور دو گورنریوں عمران اور حدیدہ سے انخلاء ہوگا۔اس کے علاوہ دو اور علاقوں سے حوثی ملیشیا کے انخلاء کے لیے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایلچی تنازعے کے دونوں فریقوں کو آیندہ دنوں میں اپنا یہ جامع منصوبہ پیش کریں گے۔اس کے تحت یمن میں ایک عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی۔تاہم ابھی فریقین میں اس کے نظام الاوقات کے حوالے سے اتفاق رائے نہیں ہوا ہے۔