سعودی اور امریکی وزرائے دفاع میں پینٹاگان میں ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پینٹاگان میں اپنے امریکی ہم منصب آشٹن کارٹر سے ملاقات کی ہے اور ان سے سکیورٹی سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

امریکی وزیر دفاع نے جمعرات کو پینٹاگان آمد پر شہزادہ محمد بن سلمان کا بہ نفس نفیس خیرمقدم کیا۔اس موقع پر انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ''یہ ہماری دسویں گفتگو ہے ۔میں اپریل میں ان کی اور خلیج تعاون کونسل کی مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔گذشتہ سال ستمبر میں مجھے یہاں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا تھا اور ہم ایک اور تعمیری ملاقات کرنے جارہے ہیں''۔

''ہم خطے میں روایتی اور داعش ایسے خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے ،یمن کی صورت حال اور ایران کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کے مقابلے کے لیے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ہم اسپیشل آپریشن فورسز کی صلاحیت کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے''۔انھوں نے مزید کہا۔

اپنے اعزاز میں استقبالیے کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے جوابی کلمات میں کہا کہ ''میں آج بہت ہی حساس وقت میں ایک ایسے ملک میں ہوں جو سعودی مملکت کا اتحادی ہے۔خطے میں ہمیں بہت سے خطرات درپیش ہیں۔خواہ یہ بعض ممالک میں عدم استحکام ہے یا بعض ممالک کے داخلی امور میں مداخلت یا دہشت گردی ہے''۔

شہزادہ محمد نے کہا کہ ''خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ ان چیلنجز کا مقابلہ کریں۔یہ چیلنجز پوری دنیا کے لیے بھی ایک خطرہ ہوسکتے ہیں۔آج ہم ان سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرر ہے ہیں''۔

سعودی نائب ولی عہد ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں۔انھوں نے قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ جان کیری ،وزیر تجارت اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے ،خطے میں جاری تنازعات کے حل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وہ جمعہ کو امریکی صدر براک اوباما سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں