شہزادہ چارلس کا مدینہ منورہ میں خودکش حملے پر سعودی عرب سے اظہار یک جہتی
برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلیس نے مدینہ منورہ میں گذشتہ ہفتے مسجد نبوی کے نزدیک خودکش بم حملے پر سعودی عرب کے ساتھ یک جہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ( ایس پی اے) کے مطابق شہزادہ چارلس نے مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز کے نام ایک خط لکھا ہے۔وہ لکھتے ہیں:''مجھے مدینہ منورہ میں ہونے والے ہولناک واقعے پر شدید افسوس اور رنج ہوا ہے اور میں فوری طور پر اس خط کو آپ جناب کو بھیجنا چاہتا تھا''۔
''مسلمانوں کے ایک مقدس مقام پر یہ مجرمانہ حملہ بہت ہی افسوس ناک ہے۔میری ہمدردیاں آپ اور آپ کے والد خادم الحرمین الشریفین اور آپ کے وطن مملکت سعودی عرب کے ساتھ ہیں جو اس حملے کے خلاف جنگ کی قیادت کررہا ہے''۔پرنس آف ویلز نے مزید لکھا ہے۔
شہزادہ فیصل نے اس خط پر شہزادہ چارلس کا شکریہ ادا کیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ''اسلامی دنیا اس مجرمانہ حملے کی مذمت میں متحد ہے۔اس سے انتہا پسندی سے لڑنے کے لیے ہمارے درمیان اتحاد و یک جہتی کو فروغ ملے گا''۔
انھوں نے کہا کہ ''ہم سعودی عرب اور دنیا بھر کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرے کا موجب ان انتہا پسندوں کے خاتمے کے لیے مل جل کر کام کریں گے''۔
شہزادہ فیصل نے مزید لکھا ہے کہ ''ہم مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے مخلصانہ الفاظ کو سراہتے ہیں اور ہم انھیں خادم الحرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز تک پہنچا دیں گے۔