.

امریکا میں ’حلال فوڈ‘ کی تجارت 20 ارب ڈالر سے متجاوز

غیرمسلموں کا حلال خوراک کی طرف میلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسلام کے شرعی معیارات کی روشنی میں تیار کی جانے خوراک جسے عرف عام میں ’حلال فوڈ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے امریکا میں نہایت تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم اقوام کے پیروکاروں کی بڑی تعداد بھی ہلال فوڈ کی طرف مائل ہو رہی ہے۔ اس طرح امریکا میں ہرسال بیس ارب ڈالر مالیت کی حلال فوڈ کی تجارت کی جاتی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ حلال فوڈ کا استعمال امریکا میں مقیم صرف تیس لاکھ مسلمان ہی نہیں کرتے بلکہ دوسرے مذاہب اور اقوام کے لوگ بھی حلال فوڈ کو زیادہ ترجیح دینے لگے ہیں۔

امریکا میں حلال فوڈ کی مقبولیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک سال قبل تک شاہد امان اللہ نامی ایک تاجر کے حلال فوڈ کے مراکز کی تعداد 200 تھی۔ ایک سال میں ان کی تعداد بڑھ کر 7600 تک جا پہنچی ہے۔ امان اللہ نے سنہ 1998ء میں حلال فوڈ کے مراکز کی رہ نمائی کے لیے ایک ویب سائیٹ بھی لانچ کی تھی۔ اس کاکہنا ہے کہ حلال فوڈ ثقافتی رابطہ کاری کا بھی ذریعہ بن چکی ہے۔ لوگ اسلامی شرعی معیارات کے مطابق تیار کردہ خوراک کو زیادہ اہمیت دینے لگے ہیں۔

پچھلے ایک سال کے دوران امریکا میں حلال فوڈ کے مراکز پر 20 ارب ڈالر کا کاروبار کیا گیا۔ امسال ہونے والے حلال کاروبار میں 30 فی صد اضافہ ہوا ہے جس نے گذشتہ 6 سال کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ اگست 2015ء کے دوران Nielsen نامی کمپنی کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں موجود حلال فوڈ کے مراکز پر 1.9 ارب ڈالر کا کاروبار ہوا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ حلال فوڈ کے فروغ اور اس کی مقبولیت کے باوجود امریکا میں مسلمان آبادی کے لیے حالات اب بھی تنگ ہیں۔ اگرچہ سنہ 2050ء تک امریکا میں مسلمان آبادی کی تعداد کی توقع 80 لاکھ لگائی گئی ہے۔

امریکا میں حلال فوڈ کے کاروبار کے فروغ کو حوصلہ افزا خیال کیا جا رہا ہے مگر اس کے باوجود حلال فوڈ کی عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کو امریکا میں جگہ بنانے میں وقت لگے گا۔ حلال فوڈ کی پیکنگ کرنے والی عالمی کمپنیوں میں Mondelez سر فہرست ہے مگر اس کا نیٹ ورک سعودی عرب اور انڈونیشیا جیسے مسلم اکثریتی ملکوں تک محدود ہے۔ امریکا اور مغربی ملکوں میں اس کی حلال مصنوعات بہت کم پہنچ پاتی ہیں۔

نیسلے کمپنی کے دنیا بھر میں حلال خوراک کی تیاری کے 151 کارخانے کام کررہے ہیں۔ ان میں اس کمپنی کا بھی زیادہ تر کاروبار ملائیشیا اور پاکستان تک محدود ہے۔ البتہ کچھ عرصے سے نیسلے نے امریکا یورپ میں اپنے مراکز قائم کیے ہیں۔