امریکا : 1.34 لاکھ میرینز کی ذاتی معلومات ہیک ہو گئیں
امریکی بحریہ نے بتایا ہے کہ ہیکروں نے دراندازی کے ذریعے سابقہ اور موجودہ تقریبا 134386 میرینز کے متعلق حساس معلومات تک رسائی حاص کر لی ہے۔ ان معلومات میں سوشل انشورنس کے نمبر بھی شامل ہیں۔
بدھ کے روز بحریہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی کمپنی (ہیولیٹ پیکرڈ انٹرپرائزز) کا ایک ملازم جو امریکی بحریہ سے متعلق ایک معاہدے پر کام کر رہا تھا، اس کے زیر استعمال لیپ ٹاپ کو ہیک کرلیا گیا۔ کمپنی نے امریکی بحریہ کو ہیکنگ کی کارروائی کے بارے میں 27 اکتوبر کو آگاہ کیا تھا جب کہ متعلقہ میرینز کو آئندہ ہفتوں کے دوران مطلع کر دیا جائے گا۔
امریکی بحریہ کے ایڈمرل روبرٹ بیرک کے مطابق " اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ یہ ہمارے میرینز کے حوالے سے اعتماد اور بھروسے کا مسئلہ ہے"۔
بیرک نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں۔
امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ " اس مرحلے میں ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے کہ ہیکروں کی رسائی میں آنے والی معلومات کا غلط استعمال کیا گیا ہے"۔