.

آسٹریلیا میں شاپنگ مال پر جہاز گرنے سے ہلاکتیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پولیس حکام کے مطابق آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر ملبورن کے ایک شاپنگ مال کی چھت سے طیارہ ٹکرانے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ جہاز نے ملبورن کے نواحی علاقے سے ایک ائر فیلڈ سے اڑان بھری تھی۔

وکٹوریا اسٹیٹ پولیس اسسٹنٹ سٹیفن لین نے مبلورن میں صحافیوں کو بتایا کہ جہاز کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کی وجہ سے جہاز ایسیڈن ہوائی اڈے کے رن وے کے قریب واقع شاپنگ مال پر گر کر تباہ ہو گیا۔

عینی شاہدین نے امریکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کو بتایا کہ تصادم کے بعد طیارہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ لین کے مطابق جہاز میں پانچ افراد سوار تھے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

انہوں نے بتایا کہ جہاز کو حادثہ مقامی وقت صبح نو بجے مال کھلنے سے پہلے پیش آیا اس لئے جہاز میں سوار افراد کے علاوہ کسی اور فرد کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

سکائی نیوز نے کار پارک میں جلتا ہوا تباہ شدہ جہاز کا ملبہ اپنی سکرین پر دکھایا۔ جائے حادثہ سے دبیز دھویں کے مرغولے آسمان کی جانب اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

پولیس نے ہلاک ہونے کی شناخت سے متعلق آخری اطلاعات آنے تک کچھ نہیں بتایا۔