شاہ سلمان کی عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے عمان آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹہ

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوموار کے روز اردن کے دارالحکومت عمان پہنچ گئے ہیں۔

مارکا کے فوجی ہوائی اڈے پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم ،بعض شہزادوں ، وزراء اور دوسرے عہدے داروں نے شاہ سلمان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔وہ اپنی آمد کے فوری بعد اردنی شاہ سے ملاقات کرنے والے تھے۔

قبل ازیں شاہی دیوان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’’ ملاقات میں سعودی عرب اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات اور انھیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا‘‘۔

خادم الحرمین الشرفین کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق پندرہ سمجھوتوں اور معیشت اور تجارت کے شعبے میں چار ارب ریال مالیت کی مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔

اردن کے ایوان تجارت کا کہنا ہے کہ اس مجوزہ سمجھوتے سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

شاہ سلمان اردن میں بدھ کو ہونے والے اٹھائیسویں عرب سربراہ اجلاس میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں