سعودی فورسز کی القطیف میں انتہاپسندوں کے ٹھکانے پر چھاپا مار کارروائی
سعودی عرب کے مشرقی شہر القطیف کے شمالی علاقے عوامیہ میں سکیورٹی فورسز نے مایک گرفتار انتہا پسند حسین الفراج کے ملکیتی فارم پر چھاپا مار کارروائی کی ہے اور وہاں سے متعدد افراد کو پکڑ لیا ہے۔
العربیہ کے ذرائع کے مطابق اس فارم میں بعض مشتبہ افراد نے خود کو چھپا رکھا تھا اور جونہی سکیورٹی فورسز کے اہلکار وہاں پہنچے تو انھوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔
سعودی فورسز نے شدید جھڑپ کے بعد متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ان افراد کا القطیف اور مشرقی صوبے میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سے تعلق بتایا جاتا ہے۔
سعودی سکیورٹی فورسز نے حسن محمد علی الفراج کو 17 جنوری کو گرفتار کیا تھا۔وہ ملک میں حالیہ مہینوں کے دوران میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوّث بتایا جاتا ہے۔ وہ عام شہریوں پر فائرنگ اور سرکاری املاک کی تباہ کاریوں میں بھی ملوّث رہا تھا۔