لندن میں دہشت گردی کے واقعے میں ملوث دو حملہ آوروں کی شناخت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

برطانوی پولیس نے لندن کے ایک پُل پر دہشت گردی کے حالیہ واقعے میں ملوث دو حملہ آوروں کی شناخت کا اعلان کیا ہے۔ان میں ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہے۔اس کا نام خرم شہزاد بٹ بتایا گیا ہے۔دوسرے حملہ آور کا نام رشید رضوان تھا۔

27 سالہ خرم شہزاد بٹ کو پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی ایم آئی 5 اس کی مشتبہ سرگرمیوں کی وجہ سے پہلے سے جانتی تھی لیکن ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ پتا چل سکے کہ لندن میں اس حملے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

برطانوی حکام 30 سالہ رشید رضوان کے بارے میں پہلے سے آگاہ نہیں تھے۔اس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ مراکشی اور لیبی نژاد تھا۔خرم شہزاد بٹ پاکستان میں پیدا ہوا تھا لیکن بعد میں اس نے برطانوی شہریت اختیار کر لی تھی۔برطانوی پولیس ان کے تیسرے ساتھی کی شناخت کے لیے ابھی تحقیقات کررہی ہے۔

ان تینوں حملہ آوروں نے ہفتے کی شب لندن پل پر راہگیروں پر اپنی گاڑی چڑھا دی تھی اور پھر اس سے اتر کر نزدیک واقع ایک مارکیٹ میں متعدد افراد کو چاقو گھونپ دیے تھے۔ گاڑی تلے کچلنے اور چاقوؤں کے پے درپے وار سے سات افراد ہلاک او ر کم سے کم پچاس زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان تینوں حملہ آوروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

ان تینوں حملہ آوروں نے جعلی خودکش جیکٹیں پہن رکھی تھیں۔سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اپنی آن لائن نیوز ایجنسی اعماق کے ذریعے سوموار کو جاری کردہ ایک بیان میں اس حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں