سعودی عرب:سکیورٹی تنصیبات پر ڈرون حملے کی سازش پر مجرم کو 10 سال قید
سعودی دارالحکومت الریاض میں ایک فوجداری عدالت نے مشرقی صوبے القطیف میں سکیورٹی اور سرکاری عمارتوں کو ایک ریموٹ کنٹرول طیارے سے اڑانے کی سازش کی منصوبہ بندی پر ایک شہری کو قصور وار قرار دے کر دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے اس سعودی شہری کو دہشت گرد گروپوں کی ایک سکیم کے تحت دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کے الزام میں مجرم قرار دیا ہے۔اس نے اپنے ریموٹ کنٹرول طیارے سے قطیف گورنری کے محکمہ ٹریفک کی عمارت اور گورنری کی مرکزی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔اس نے طیارے میں بارود بھرا تھا اور اس سے سرکاری تنصیبات میں دھماکے کیے جانے تھے۔
یہ مجرم سرکاری عمارتوں کو دھماکوں سے اڑانے کے علاوہ زیادہ سے زیادہ سکیورٹی اہلکاروں کو موت کی نیند سلانا چاہتا تھا۔ دھماکوں کے بعد اس نے دوسرے بلوائیوں کے ساتھ مل کر عوامی شاہراہوں پر توڑ پھوڑ کرنا تھی تاکہ صوبہ القطیف میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کے ٹھکانوں کو چھپایا جاسکے۔
اس کو بعض جرائم پیشہ عناصر سے ملاقات اور جزیرے تاروت میں اسلحے کی تجارت کی جگہ اور وقت کو چھپانے کے الزام میں بھی مجرم قرار دیا گیا ہے۔