.

یمن: عرب اتحاد کے چار صوبوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر 50 فضائی حملے

صعدہ ، حجہ ، الحدیدہ اور تعز میں فضائی بمباری میں متعدد حوثی جنگجو ہلاک ، اسلحہ ڈپو اور خفیہ ٹھکانے تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے چار صوبوں میں حوثی شیعہ باغیوں کے ٹھکانوں پر ہفتے کے روز پچاس فضائی حملے کیے ہیں۔

صعدہ ، حجہ ، الحدیدہ اور تعز میں اس فضائی بمباری میں حوثی ملیشیا کے متعدد جنگجو ہلاک اور ان کے اسلحہ ڈپو تباہ ہوگئے ہیں۔ فوجی ذرائع کے مطابق شمالی صوبے صعدہ میں حوثیوں کے بارہ ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

لڑاکا طیاروں نے صعدہ میں کتاف نظامت میں حوثیوں کی ایک کمک کو بھی نشانہ بنایا ہے ۔صعدہ کے مغرب میں حوثی جنگجوؤں کے تین ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔اتحادی طیاروں نے یمن کے شمال مغرب میں واقع حجہ میں حوثیوں باغیوں پر پچیس حملے کیے ہیں اور الحدیدہ میں سات مقامات پر فضائی بمباری کی ہے۔

سعودی عرب کی سرحد کے نزدیک واقع صعدہ میں عرب اتحاد کے زمینی دستوں اور حوثی باغیوں کے درمیان بھی لڑائی جاری ہے۔واضح رہے کہ اس صوبے میں اتحادی افواج نے گذشتہ چند روز کے دوران میں حوثیوں کے زیر قبضہ تزویراتی اہمیت کے حامل متعدد پہاڑی علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے اور اب وہ یمنی فوج کے قبضے میں ہیں۔تعز شہر میں یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان خونریز لڑائی کی اطلاعات ملی ہیں۔