.

بھارتی فلم سٹار سری دیوی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بالی وڈ اداکارہ سری دیوی دبئی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث 55 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق اداکارہ سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود تھیں۔ پی ٹی آئی نے سری دیوی کے رشتہ داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتہ کو رات گئے سری دیوی کا انتقال ہوا۔

سری دیوی 13 اگست سنہ 1963 میں تمل ناڈو میں پیدا ہوئیں اور سنہ 1978 میں اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم ’سولہواں ساون‘ سے کیا۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی 'مام' ان کی 300 ویں فلم تھی۔

سری دیوی نے فلم پروڈیوسر بونی کپور سے 1996 میں شادی کی تھی اور ان کی خوشی اور جھانوی کپور دو بیٹیاں ہیں۔

ان کی مشہور ہونے والی فلموں میں چاندنی، لمحے، مسٹر انڈیا، خدا گواہ اور نگینہ شامل ہیں۔ انھوں نے ہندی فلموں کے علاوہ تمل، تلیگ، ملایم اور کنناڈا فلموں میں بھی کام کیا۔

سری دیوی کو سنہ 2013 میں حکومت کی جانب سے پدما شری اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ پانچ بار فیئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں

انھوں نے جب 90 کی دہائی میں اپنے فلمی کریئر کو الودع کہا تھا تو اس وقت ان کی فلمیں اچھی طرح سے نہیں چل رہی تھیں۔ لیکن اس طویل وقفے کے بعد جب وہ واپس آئیں تو اپنی اداکاری سے ایک بار پھر سے ہنگامہ مچا دیا تھا۔ سری دیوی نے اپنے فلمی کریئر میں برسات میں فلمائے گئے نغموں سے کئی بار دھوم مچائی اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں۔

فلم 'چاندنی' کا گيت 'لگی آج ساون کی پھر وہ جھڑی ہے'، فلم 'چال باز' میں 'نہ جانے کہاں سے آئی ہے' اور 'مسٹر انڈیا' میں 'کاٹے نہیں کٹتے' جیسے گانے بہت مقبول رہے ہیں۔

ان کے انتقال کی خبر آتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بڑی تعداد میں اداکاروں اور دیگر شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات آنا شروع ہو گئے اور انڈیا میں Sridevi# ٹرینڈ کرنے لگا۔