.

قندوز میں افغان فضائیہ کا مدرسے پر حملہ، 70 افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افغانستان کے صوبے قندوز میں افغان ائیر فورس کی مدرسے پر بمباری کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق افغان فورسز نے طالبان کے زیر اثر علاقے ضلع دشت ارچی میں واقع ایک مدرسے کو بموں سے نشانہ بنایا، فضائی بمباری کے وقت مدرسے میں 200 کے قریب افراد موجود تھے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

دوسری جانب افغان فضائیہ نے بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فضائی کارروائی کے وقت مدرسے میں طالبان کی کوئٹہ شوریٰ کے رکن ملا بیریانی سمیت کئی دیگر طالبان موجود تھے۔ حکام نے بمباری کے نتیجے میں اب تک 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

قندوز کی صوبائی کونسل کے ایک رکن مولوی عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ ’مولوی گجر‘ نامی مدرسے پر اس حملے کے نتیجے میں 50 سے 60 تک طالبان عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ دو سال قبل افغان فورسز کی بھاری نفری قندوز صوبے میں افغان طالبان کے زیر اثر علاقوں میں تعینات کی گئی تھی جس کے بعد سے طالبان اور سیکورٹی فورسز میں خونریز جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔