ہم نے بشار الاسد کی کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی فیکٹریاں تباہ کیں: جیمز میٹس
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور امریکی چیفس آف اسٹاف کے سربراہ، جنرل جوزف ڈنفرڈ نے ایک مشترکہ اخباری کانفرنس میں بتایا کہ ''فضائی کارروائی کا مقصد شامی صدر کو واضح پیغام بھیجنا تھا''۔
اُنھوں نے بتایا کہ دمشق کے مضافات میں موجود اُس تحقیقی مرکز اور ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا جہاں کیمیائی ہتھیار تیار کیے جاتے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ساتھ ہی فرانس اور برطانیہ کے لڑاکا طیاروں نے کارروائی کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ حملے میں ابھی تک کسی شخص کے مارے جانے کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ آئندہ فضائی کارروائی کا انحصار اس بات پر ہوگا آیا شام کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے باز آتا ہے یا نہیں۔ امریکی وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال یہ ایک ’ون ٹائم ہٹ‘ تھی۔