شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل باضابطہ طور پر خاوند اور بیوی بن گئے
برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور مرحومہ لیڈی ڈیانا کے بیٹے شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل شادی کے بندھن میں بند گئے ہیں اور آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹن ویلبی نے مذہبی رسوم کی ادائی کے بعد انھیں میاں اور بیوی قرار دے دیا ہے۔
شادی کی تقریب ہفتے کے روز قلعہ ونڈسر میں واقع پندرھویں صدی کے سینٹ جارج چیپل میں انجام پائی ہے۔ دُلھن میگھن نے سفید رنگ کا عروسی لباس زیب تن کررکھا تھا۔ انھیں ایک لیموزین کار میں چیپل لایا گیا اور وہ چلتی ہوئی اس مقام تک آئی تھیں جہاں شہزادہ چارلس اپنے بیٹے کے ہمراہ ان کے منتظر تھے۔
شاہی خاندان کی شادی کی رسم کے مطابق دُلھن اور دُلھا نے تادم مرگ محبت اور خوشی سے رہنے کے عہد وپیمان کیے اور 33 سالہ شہزادہ ہیری نے مارکل کی انگشت پر ویلش سونے کی انگوٹھی پہنائی ۔شادی کے اجتما ع میں ملکہ الزبتھ ،شاہی خاندان کے سینیر ارکان اور معزز مہمان شریک تھے۔
اجتماع کے سامنے آرچ بشپ جسٹن ویلبی نے یہ کلمات ادا کیے :’’ خدا کی موجودگی اور اس اجتماع کے روبرو ہیری اور میگھن نے شادی کے لیے اپنی اپنی رضا مندی ظاہر کی ہے ۔انھوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اور ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنا کر شادی کا اظہار کردیا ہے۔اب میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ وہ دونوں میاں بیوی ہیں ‘‘۔
اس شادی کے بعد لاس اینجلس میں پلی بڑی میگھن مارکل دنیا کے سب سے قدیم شاہی خاندان کا حصہ بن گئی ہیں ۔وہ اپنے شوہر شہزادہ ہیری سے عمر میں تین سال بڑی ہیں ۔شادی کی تقریب میں ان کے والد نے خرابیِ صحت کی بنا پر شرکت نہیں کی ہے۔
دلھن کی کیسل میں آمد کے موقع پر ہزاروں شائقین برطانوی پرچم اٹھائے قطاروں میں ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کھڑےتھے۔کیسل کے نزدیک واقع ہیتھرو کے مصروف ہوائی اڈے کے ائیر ٹریفک کنٹرولر نے ونڈسر پر شادی کی تقریب کے وقت پندرہ منٹ کے لیے پروازوں کی آمد ورفت معطل کر دی تھی۔
ملکہ الزبتھ نے شادی سے چند گھنٹے قبل اپنے پوتے ہیری کو ڈیوک آف سوسیکس کے خطاب سے نواز دیا تھا اور اب ان سے شادی کے بعد امریکی ٹی وی ڈراما’’ سوئٹس‘‘ کی اداکارہ مارکل ڈچز آف سوسیکس بن گئی ہیں ۔
چیپل کیسل میں شاہی خاندان کی شادی کی اس تقریب میں جارج اور امل کلونی ، ڈیوڈ اور وکٹوریا بیکھم ، اوپرا ونفرے اور ادریس ایلبا سمیت میڈیا ا ور شوبز کی دنیا کی نمایاں شخصیات شریک تھیں ۔