.

اسرائیل اور ارجنٹائن کے درمیان "دوستی میچ" سیکیورٹی خطرات کی نذر ہو گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان آئندہ ہفتے کو مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والا دوستی فٹ بال میچ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ارجنٹائن اور اسرائیل کے ذرائع ابلاغ نے دونوں ملکوں کی قومی فٹ بال ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کی منسوخی کی خبر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان دوستی میچ کے اعلان کے بعد ایک فلسطینی گروپ کی طرف سے ارجنٹائن کی ٹیم اور اس کے کپتان لیونیل میسی کو القدس میں دوستی میچ میں حصہ لینے کے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

ارجنٹائن کے ایک مقامی اخبار ’اولی‘ کے مطابق فلسطین کے اندر سے ملنے والے سیکیورٹی سے متعلق انتباہ کے بعد القدس میں ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم کے کوچ خورکھی سامباولی القدس کے بجائے بارسلونا میں اسرائیل کے ساتھ کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کی ٹیمیں روس میں ہونے والے عالمی فٹ بال کپ میں شرکت کریں گی۔

سامباولی نے ارجنٹائن کیی فٹ بال فیڈریشن سے اسرائیلی ٹیم کے ساتھ کھیل منسوخ ہونے کی شکایت کی ہے اور کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی میچ کی منسوخی فٹ بال ورلڈ کپ سے قبل کوئی اچھا شگون نہیں ہے۔