افغان صدر اور عمران خان کا ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنے پر اتفاق
اشرف غنی کی پی ٹی آئی کے چیئرمین کو پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد اور کابل کے دورے کی دعوت
افغان صدر اشرف غنی نے اتوار کو پاکستان تحریک ِ انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں پاکستان میں منعقدہ حالیہ عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔انھوں نے عمران خان کو کابل کے دورے کی بھی دعوت دی ہے۔
انھوں نے ایک ٹویٹ میں اس ٹیلی فون کال کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ’’طرفین نے ماضی کو بھلا کر پاکستان اور افغانستان کے ایک خوش حال سیاسی ، سماجی اور اقتصادی مستقبل کے لیے نئی بنیاد رکھنے سے اتفاق کیا ہے‘‘۔
افغان صدر نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’ میں نے عمران خان کو کابل کے دورے کی دعوتِ عام دی ہےاو ر اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ جلد یہ دورہ کریں ‘‘۔
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری کے مطابق عمران خان نے اشرف غنی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مکمل امن چاہتا ہے اور پی ٹی آئی کی مستقبل میں قائم ہونے والی حکومت پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے۔
عمران خان نے عام انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد اپنی پہلی نشری تقریر میں کہا تھا کہ ان کی حکومت افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے جڑا ہوا ہے۔
ترجمان تحریکِ انصاف کے مطابق عمران خان نے فون کال پر افغان صدر کا شکریہ ادا کیا ہے اور دورۂ افغانستان کی دعوت قبول کرلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی افغانستان کا دورہ کریں گے ۔