بریگزٹ معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے: یورپی یونین
یورپی یونین کی ایگزیکٹو نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریزامے کے ساتھ طے شدہ بریگزٹ سمجھوتے پر دوبارہ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
یورپی کمیشن کی خاتون ترجمان نے سوموار کے روز برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ ہم نے ایک سمجھوتا طے کیا ہے۔اب ہم دوبارہ اس پر کوئی بات چیت نہیں کریں گے‘‘۔اس سے پہلے یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلاڈ جنکر بھی اسی موقف کا اظہار کرچکے ہیں۔
خاتون ترجمان نے کہا کہ بلاک تمام منظرناموں کے لیے تیار ہے۔ان کا اشارہ برطانیہ کی پارلیمان میں منگل کو بریگزٹ ڈیل پر رائے شماری کی جانب تھا۔ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ برطانوی پارلیمان وزیراعظم تھریز امے کی بریگزٹ ڈیل کے خلاف ووٹ دے سکتی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ژاں جنکر نے اتوار کو برطانوی وزیراعظم سے اس معاملے پر ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔