عرب اتحاد ملیشیاؤں کے قلع قمع تک یمن کی مدد جاری رکھے گا:شہزادہ خالد بن سلمان
واشنگٹن میں متعیّن سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ عرب اتحاد یمن میں ملیشیاؤں کےمکمل استیصال تک اس جنگ زدہ ملک کی مدد وحمایت جاری رکھے گا ۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے بدھ کو ایک ویڈیو ٹویٹ کی ہے۔اس میں یمن میں ایک امدادی ادارے کے آتش زدگی کا شکار گودام کو دیکھا جاسکتا ہے۔اس کو مبینہ طور پر حوثی ملیشیا نے نذر آتش کردیا تھا۔
انھوں نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی بالعموم امدادی سامان کو تباہ کردیتے ہیں یا بلاک کردیتے ہیں۔وہ یمن کو قحط سے بچانے کے بجائے لوگوں کو بھوک کا شکار کررہے ہیں اور اس کو ایک جنگی حربے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ان کے اس کردار کے باوجود عرب اتحاد بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے مل کر کام کرتا رہے گا اور یمن میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے وسائل مہیا کرتا رہے گا‘‘۔
Aid is unfortunately often destroyed or blocked by the Iran-backed Houthis,who would rather use starvation tactics than prevent famine in Yemen. Despite their behavior,the Coalition will continue working with intl aid orgs & provide resources to alleviate the humanitarian crisis. pic.twitter.com/sl3JFeyEzd
— Khalid bin Salman خالد بن سلمان (@kbsalsaud) January 9, 2019
سعودی عرب کے سفیر مزید لکھتے ہیں کہ عرب اتحاد نے اسٹاک ہوم میں طے شدہ جنگ بندی سمجھوتے کا خیرمقدم کیا تھا اور اس نے اس کی پاسداری جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے اس کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
انھوں نے ٹویٹ میں سوال کیا ہے کہ’’ کیا عالمی برادری اسٹاک ہوم سمجھوتے کے مکمل نفاذ کو یقینی بنائے گی؟‘‘