.

حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا روس کا دورہ منسوخ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روس میں فلسطینی سفیر عبدالحفیظ نوفل کا کہنا ہے کہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا دورہ ماسکو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہو گیا ہے۔ نوفل نے جمعرات کے روز روسی خبر رساں ایجنسی انٹرفیکس کو بتایا کہ ہنیہ کا ماسکو کا دورہ اور روسی وزیر خارجہ کے ساتھ ان کے مذاکرات کے لیے 15 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

فلسطینی سفیر نے باور کرایا کہ دورے کا التوا فلسطینی جانب سے عمل میں آیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ماسکو نے امید ظاہر کی ہے کہ دورے کی نئی تاریخ کا تعین کیا جائے گا اور اس سلسلے میں مفاہمت ہو جائے گی۔

نوفل نے ماسکو میں فتح اور حماس تنظیموں کے درمیان مشاورت کے حوالے سے روسی منصوبے پر محتاط موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اس تجویز کو قابل قدر سمجھتی ہے مگر خطے میں صورت حال کی دشواری کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

فلسطینی سفیر نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز روسی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اسرائیلی بستیوں اور فلسطینی مصالحت کے معاملات زیر بحث آئے۔

میخائل بوگدانوف نے گزشتہ جمعے کے روز بتایا تھا کہ حماس تنظیم کے سربراہ اسماعیل ہنیہ 15 جنوری کو ماسکو کا دورہ کریں گے۔