سوڈان :عمر البشیر کے مصاحبین کی رخصتی جاری ،سکیورٹی اور انٹیلی جنس چیف بھی مستعفی
سوڈان میں معزول صدر عمر حسن البشیر کے مقرر کردہ عہدے داروں اور قریبی مصاحبین کی رخصتی کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کے روز ملک کے سکیورٹی اور انٹیلی جنس چیف صلاح قوش بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
سوڈان کی عبوری فوجی کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ کونسل کے سربراہ عبدالفتاح البرہان نے نیشنل سکیورٹی اور انٹیلی جنس سروس چیف کے سربراہ صلاح قوش کا استعفا قبول کر لیا ہے‘‘۔
صلاح قوش کے زیر قیادت این آئی ایس ایس کے ایجنٹوں نے گذشتہ چار ماہ کے دوران میں معزول صدر عمر حسن البشیر کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا۔اس دوران میں حزب اختلاف کے ہزاروں کارکنان ، مظاہرین اور صحافیوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ان کی اسی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں صدر عمر البشیر کے اقتدار کا تیس سال کے بعد خاتمہ ہوگیا ہے اور فوج نے گذشتہ جمعرات کو انھیں معزول کرکے نظر بند کردیا تھا ۔