سوڈان : معزول صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرین کی ہلاکتوں کے الزام میں فردِ جُرم
سوڈان کے معزول صدر عمر حسن البشیر کے خلاف مظاہرین کی ہلاکتوں کے الزام میں فرد جرم عاید کردی گئی ہے ۔ان کے خلاف دسمبر سے اپریل تک جاری رہنے والی عوامی احتجاجی تحریک کے دوران میں مظاہروں پر قابو پانے کے لیے سکیورٹی فورسز نے تشدد کا استعمال کیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ان عوامی مظاہروں کے نتیجے ہی میں عمر البشیر کی صدارت کا دھڑن تختہ ہوگیا تھا اور فوج نے انھیں معزول کرکے اقتدار اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔
سوڈان کے قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل الولید سیّد احمد نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ عمر البشیر اور دوسرے حکام پر مظاہرین کی ہلاکتوں کی شہ دینے اور اس عمل میں شرکت کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی ہے‘‘۔
معزول صدر عمر البشیر کے خلاف یہ فرد ِجُرم دارالحکومت خرطوم کے مشرقی علاقے برّی میں احتجاجی مظاہرے کے دوران میں شعبہ طب سے وابستہ ایک کارکن کی ہلاکت کے بعد عاید کی گئی ہے۔پراسیکیوٹر جنرل نے اس واقعے کی تحقیقات کے بعد معزول صدر کو ہلاکتوں میں ماخوذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور دوسرے مظاہرین کی ہلاکتوں کے واقعات کی تحقیقات تیز کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔