سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان کی مصر آمد
سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان ہفتے کے روز مصر کے سرکاری دورے پر دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔اپریل میں سوڈان کے مطلق العنان صدر عمر حسن البشیر کی معزولی اور عبوری فوجی کونسل کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
ادھر سوڈا ن میں سابق صدر عمر البشیر کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے والی تنظیموں اور جماعتوں نے اپنا احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔ ان کے قائدین فوجی کونسل سے اقتدار جلد سے جلدایک شہری حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔انھوں نے فوجی کونسل سے شہری حکومت کے قیام کے لیے مذاکرات میں تعطل کے بعد منگل کے روز سے د و روزہ احتجاجی ہڑتال کا ا علان کیا ہے۔
احتجاجی تحریک کے لیڈروں اور فوجی جرنیلوں کے درمیان عبوری دور کے لیے نظم ونسق پر اختلافات پائے جاتے ہیں ۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ وہ اس وقت افریقی یونین کے چئیرمین بھی ہیں۔انھوں نے افریقی اقوام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سوڈان میں سول حکمرانی کے قیام کے لیے حکمرا ں فوجی کونسل کو ابھی ’’ مزید وقت‘‘ دیں ۔