شام میں ایران کی موجودگی ایک مذہبی فریضہ ہے: کمانڈر سپاہِ پاسداران انقلاب

امریکا ، یورپ اور عرب ممالک شام میں نظام کو تبدیل کرنے میں ناکام رہے ہیں، ایران نے ایسا نہیں ہونے دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر ایڈمرل علی فدوی نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں برپا شدہ انقلاب کسی جغرافیائی علاقے تک محدود نہیں ہے اور شام میں ایران کی موجودگی ایک مذہبی فریضہ ہے۔

علی فدوی نے کہا :’’ اسلامی انقلاب سے جڑے رہنے کا ایک اہم اثر ہمارے نوجوانوں کی ملک کی سرحد سے ہزاروں کلومیٹر دو رموجودگی کی صورت میں نظر آرہا ہے۔انھوں نے کس خوب صورتی سے وہ فتح حاصل کی ہے جس کا ہم سے اللہ نے وعدہ کیا تھا‘‘۔

وہ ایران اور عراق کے درمیان 1980ء کے عشرے میں لڑی گئی جنگ کے دوران میں مارے گئے ایرانی فوجیوں کی یاد میں اتوار کو منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ایران کی لیبر نیوز ایجنسی ( ایلنا) کے مطابق علی فدوی نے دعویٰ کیا کہ امریکا ، یورپ اور عرب ممالک شام میں (صدر بشارالاسد کی قیادت میں )نظام کو تبدیل کرنے میں ناکام رہے ہیں کیونکہ ایران نے ایسا نہیں ہونے دیا ہے۔

ایڈمرل علی فدوی نے جمعہ کو ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ’’ان کا ملک حوثیوں کی ہر ممکن مدد کررہا ہے لیکن وہ یمن کی ناکا بندی کی وجہ سے ان کی اتنی مدد نہیں کر پا رہا ہے جتنی کہ وہ کرسکتا ہے یا کرنا چاہتا ہے‘‘۔

انھوں نے ایران کے چینل 3 سے نشر ہونے والے انٹرویو میں کہاکہ ’’اگر اسلامی انقلاب بالکل اسی طرح یمن میں درانداز ہوتا جس طرح وہ شام میں گیا ہے تو پھر تصور کریں کہ یمن کی کیا صورت حال ہوسکتی تھی ؟ کیا صورت حال موجودہ شکل ایسی ہوتی ؟ بالکل نہیں ،ایسی بالکل بھی نہیں ہوتی‘‘۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ قرآن کی بنیاد پر ہم مقدور بھر مدد دینے کے پابند ہیں اور ہم یہ مدد دے بھی رہے ہیں‘‘۔کمانڈر علی فدوی کے بہ قو ل ’’یمن کے ’’ مکمل محاصرے‘‘ کی وجہ سے سپاہِ پاسداران انقلاب ایران حوثیوں کی بھرپور طریقے سے مدد نہیں کرسکتی ہے۔حوثی اپنا نظم ونسق خود چلا رہے ہیں۔وہ ہماری طرح ہی کے نتائج حاصل کررہے ہیں کیونکہ وہ اسلامی انقلاب کے اصولوں کے مطابق کام کررہے ہیں‘‘۔

وہ یہ دعویٰ بھی کر گزرے تھے :’’ ہم یقینی طور پر وہاں (یمن میں ) موجود نہیں ہیں ۔اگر ہم وہاں ہوتے تو حوثی اب تک ( سعودی دارالحکومت) الریاض پہنچ چکے ہوتے‘‘۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں