عازمینِ حج کی سہولت کے لیے’شاہراہ مکہ اقدام‘ کا دوسراسال،کامیابی سے عمل درآمد جاری
مملکت سعودی عرب کے عازمین حج کو ہر طرح کی سفری سہولتیں مہیا کرنےاور مناسک حج کی اطمینان بخش طریقے سے ادائی کے لیے دوسرے سال بھی ’’شاہراہ مکہ ا قدام‘‘ ( روڈ ٹو مکہ) پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔اس کے تحت پاکستان سمیت پانچ مسلم اکثریتی ممالک کے عازمین حج کے امیگریشن کے مراحل ان کے اپنے ملک کے ہوائی اڈوں ہی پر مکمل کیے جارہے ہیں۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے سوئیکارنو حاتا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سوموار سے شاہراہ مکہ اقدام پر عمل درآمد کا آغاز ہوا ہے۔اس مرتبہ سعودی عرب کی وزارت خارجہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد ، تیونس کے دارالحکومت تیونس ، ملائشیا کے دارالحکومت پتراجایا اور بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں اس اقدام عمل درآمد کررہی ہے۔
اس کے تحت فریضہ حج کی ادائی کے لیے حجاز مقدس جانے والے عازمین کوان کے اپنے ملکوں ہی میں ہوائی اڈوں پر ای ویزے جاری کیے جارہے ہیں اور سعودی عرب میں آمد سے قبل ہی ان کے داخلے اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے تا کہ انھیں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ بلا رکاوٹ اپنی جائے قیام منتقل ہوسکیں۔
سعودی وزارت برائے خارجہ امور کے شعبہ اطلاعات کے ڈائریکٹر جنرل ابراہیم بن عبدالوہاب الغریب نے بتایا ہے کہ وزارت اس اقدام کے علاوہ بھی عازمین حج کے اپنے ملکوں سے مملکت میں داخلے کے طریق کار کو حتمی شکل دینے کے لیے بین الاقوامی حکومتوں کی ایجنسیوں اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
عازمین حج کو ان کی روانگی کے مقامات پرامیگریشن کلیرینس کی سہولت مہیا کی جارہی ہے اور اس ضمن میں ہدایات اور خدمات چھے زبانوں عربی ، انگریزی ، فرانسیسی ، روسی ، مندرین اور فارسی میں دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ سال انڈونیشیا اور ملائشیا سے شاہراہ مکہ اقدام کا پہلی مرتبہ آغاز کیا تھا۔اس کے تحت آنے والے عازمین حج کے انگلیوں کے نشان ان کے روانگی کےملک ہی میں لیے جارہے ہیں اور ان کے پاسپورٹس پر مہریں لگائی جارہی ہیں۔اس کے بعد سعودی عرب میں ان کا داخلہ اندرون ملک پروازوں سے آنے والے مسافروں ہی کا طرح ہورہا ہے اور ہوگا۔ان کے سفری سامان وغیرہ کو سعودی وزارت حج کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کے لیے حاصل کردہ قیام گاہوں تک براہ راست پہنچایاجارہا ہے۔
جکارتہ میں متعیّن سعودی سفیر نے کہا ہے کہ انڈونیشیا میں مسلسل دوسرے سال مکہ روڈ اقدام پرعمل درآمد دونوں ممالک کی جانب سے انڈونیشی عازمین حج کو سہولتیں مہیا کرنے کے لیے کامیاب تعاون کی بھی تصدیق ہے۔
اس موسم حج کے دوران میں مذکورہ پانچ ممالک (ملائشیا ، انڈونیشیا ، پاکستان،بنگلہ دیش اور تیونس) سے تعلق رکھنے والے سوا دو لاکھ سے زیادہ عازمین حج اس اقدام سے فائدہ اٹھائیں گے۔ان ممالک سے حج پروازوں کا آغاز ہوچکا ہے اور مذکورہ ہوائی اڈوں سے روانہ ہونے والے عازمین کو سعودی ہوائی اڈوں پراترنے کے بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سیدھا ان کی قیام گاہ ہوٹلوں میں پہنچایا جارہا ہے اور وہاں ان کے سفری کاغذات کی کوئی جانچ پڑتال نہیں کی جارہی ہے۔ یوں ان کے گھنٹوں قیمتی وقت کی بچت ہورہی ہے۔