برطانیہ: نوجوان لڑکے پر کم سن کو دسویں منزل سے گرانے پر ارادۂ قتل کامقدمہ
برطانیہ میں پولیس نے ایک سترہ سالہ لڑکے پر چھے سال کی عمر کے ایک بچے کو ایک آرٹ گیلری کی دسویں منزل کی بالکونی سے گرانے پر فرد الزام عاید کردی ہے۔
وقوعہ کے مطابق ملزم نے کم سن لڑکے کو لندن کے وسطی علاقے میں واقع ٹیٹ ماڈرن آرٹ گیلری کی دسویں منزل سے دھکا دیا تھا اور وہ پانچویں منزل کی چھت پر آکر گرا تھا۔تاہم خوش قسمتی سے اس کی جان بچ گئی تھی مگر وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق اس کی ماں چلّا چلّا کر اپنے بیٹے کو ڈھونڈتی رہی تھی اور وہ کہہ رہی تھی کہ اس کا بیٹا کہاں گیا؟ پولیس نے ملزم لڑکے کو اتوار کو گرفتار کر لیا تھا۔
لندن پولیس کا کہنا ہے کہ ’’اس زخمی بچّے کو تشویش ناک حالت میں اسپتال داخل کرا دیا گیا تھا۔ وہاں اس کا خاندان اس کے ساتھ ہے اور اب اس کی حالت قدرے بہتر ہے۔ افسر مسلسل اس کی مدد کر رہے ہیں۔‘‘