امریکا ایران کی جگہ ہوتا توپابندیوں سے اس کادھڑن تختہ ہوجاتا:کمانڈر پاسداران انقلاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ اگر امریکا پرایران کی طرح پابندیاں عاید ہوتیں تو اس کا اب تک انہدام ہوچکا ہوتا۔

ایران کی طلبہ خبررساں ایجنسی (ایسنا) کے مطابق انھوں نے سوموار کو ایک بیان میں کہا کہ ’’اگر ایران کی طرح امریکا پر پابندیاں عاید ہوتیں تو وہ دھڑام سے نیچے آ گرتا۔ امریکی حکام کی مذاکرات میں صرف ایک ہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایرانی حکام کے ساتھ ایک تصویر کھنچوا سکیں۔‘‘

امریکا نے حال ہی میں ’’دہشت گردی کے نام‘‘ سے فرموں کے ایک نیٹ ورک ، جہازوں اور افراد پر پابندیاں عاید کی ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کا سپاہِ پاسداران انقلاب سے تعلق تھا۔ایران پر شام کو کروڑوں ڈالر مالیت کا تیل اسمگل کرنے کا بھی الزام ہے۔

امریکا نے ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے یہ پابندیاں عاید کی ہیں اور ان کا ایک مقصد ایران کو تیل کی برآمدات سے روکنا ہے۔تیل ایران کی آمدن کا بڑا ذریعہ ہے لیکن اب اس کی تیل کی برآمدات نصف سے بھی کم ہو کر رہ گئی ہیں لیکن ان کے اقتصادی اثرات کے باوجود ایران کا کہنا ہے کہ اس پر عاید کردہ پابندیاں کوئی زیادہ موثر نہیں رہی ہیں۔

حسین سلامی نے کہا کہ ’’آج دشمن پسپائی اختیار کررہے اور بھاگ رہے ہیں۔ہم دشمنوں کے اقدامات کو ملاحظہ کررہے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کے بارے میں جانتے ہیں۔جہاں بھی اسلام کے بچّوں نے پیش قدمی کی ہے، وہاں دشمنوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے۔‘‘

ایرانی حکام اور فوجی کمانڈر’’اسلام کے بچے‘‘کی اصطلاح اپنی مسلح افواج کے لیے استعمال کرتے ہیں۔اس کے علاوہ وہ خطے میں ایران کی آلہ کار فورسزکے لیے بھی یہ اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔

کمانڈر کا کہنا تھا کہ ’’ شکست ، سرنڈر ،سمجھوتا اور مذاکرات کے الفاظ ہماری لغت میں موجود نہیں۔ہمارا انداز مزاحمت ، کنٹرول اور مسئلہ کا حل ہے۔‘‘

حسین سلامی نے کہا کہ ’’ہم اپنے مسائل پر قابو پالیں گے۔‘‘ انھوں نے ایران کو درپیش مشکلات کو تسلیم کیا ہے اور کہا کہ’’ہم ان مسائل کی وجہ سے دشمن کے آگے سرنگوں نہیں ہوں گے۔‘‘

انھوں نے حال ہی میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی فوج’’ناقابل شکست‘‘ ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’ہمارے دشمن ہماری دفاعی صلاحیت کے بارے میں بہت تھوڑا جانتے ہیں۔اس کے باوجود وہ جانتے ہیں کہ ایران کی فوج اور سکیورٹی کی قوت ناقابل شکست ہے۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں