وسطی بیروت میں ایرانی لیڈروں خمینی اور خامنہ کے حق میں نعرے بازی
جمعرات کی شام لبنان کے دارالحکومت بیروت کے وسط میں حزب اللہ کے حامیوں نے ایران میں ولایت فقیہ کے نظام کے بانی آیت اللہ خمینی اور موجودہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی حمایت میں نعرے بازی کی۔ تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کا گھیرائو کیے جانے کے بعد مظاہرین پیچھے ہٹ گئے تھے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وسطی بیروت میں حزب اللہ کے ایک جلوس کی ویڈیو فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں حزب اللہ کے وفاداروں کو خمینی اور خامنہ ای کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا۔ جلوس میں شریک لوگ 'ہم ٰفرزند ہیں خمینی کے' اور 'ہم نے خامنہ ای کے ہاتھ پربیعت کی' کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے بلند آوازوں میں حزب اللہ زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
دریں اثناء ، العربیہ کے نمائندے نے جمعرات کو اطلاع دی تھی کہ وسطی بیروت کے ریاض صلح اسکوائر میں مظاہرین اور پولیس نے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ نامہ نگار کے مطابق حزب اللہ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان تصادم ہوا جس کے بعد پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔
سماجی رابطوں کی سائٹوں اور مقامی میڈیا کے ذریعہ پھیلائی جانے والی ویڈیوز میں نوجوانوں کو جلوس میں سیاہ فام شرٹ میں دکھایا گیا تھا۔